دولت چھپانے کیلئے فرح گوگی کے خفیہ غیرملکی پاسپورٹ کا انکشاف

ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح گوگی کا خفیہ غیرملکی پاسپورٹ سامنے آگیا۔ لوٹی ہوئی دولت چھپانے اور منی لانڈرنگ کو چھپانے کیلئے فرح گوگی کو ایک غیرمعروف ملک ونو آٹو کا خفیہ پاسپورٹ بنا کر دئیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق دسمبر 2021 ء میں تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ممکنہ کامیابی کے پیش نظر چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے ملک کے ایک معروف پراپرٹی ٹائیکون کے بیٹے کو اپنی فرنٹ پرسن فرح گوگی کیلئے خفیہ انٹرنیشنل پاسپورٹ خریدنے کا ٹاسک سونپا ، معروف پراپرٹی ٹائیکون نے ایک اور تاجر کو خفیہ پاسپورٹ بنانے کیلئے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دیئے۔
تحقیقاتی ذرائع کا بتاناہے کہ لوٹی ہوئی دولت اور منی لانڈرنگ کی رقم چھپانے کیلئے فرح گوگی کو ونوآٹو کا پاسپورٹ بنا کر دیا گیا جو 28 مارچ 2020 ء کو بشریٰ بی بی کے حوالے کیا گیا، 3 اپریل 2022 ء کو پی ٹی آئی حکومت کے جانے سے 6 دن قبل فرح گوگی کو پاکستانی پاسپورٹ پر ملک سے فرار کروا کے دبئی بھجوایا گیا، دبئی کے بعد باقی تمام سفر ونوآٹو کے پاسپورٹ پرکروائے گئے تاکہ تحقیقاتی ادارے اس نقل و حرکت سے آگاہ نہ رہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اکٹھی کی گئی دولت کو دنیا کے مختلف ممالک میں چھپانے کے لئے اس پاسپورٹ پر فرح گوگی نے بیرون ملک دورے کئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے لوٹی رقم فرح گوگی کے خفیہ پاسپورٹ پر مختلف ملکوں میں ٹھکانے لگائی،چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی فرنٹ پرسن ساڑھے 14 ارب روپے کے ناجائز اثاثوں کی مالک ہیں،پی ٹی آئی دور میں فرنٹ پرسن فرح گوگی کی ظاہری اور غیرظاہری دولت میں 4520 ارب روپے اضافہ ہوا۔ اس معاملے پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء طلال چوہدری کا کہنا تھا گوگی پنکی لیک اصل میں جھلکیاں ہیںعمران خان اور بنی گالہ کرپشن اسکینڈل کی، گوگی اور پنکی تو بیچاری اس قابل نہیں تھیں۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اس گوگی کو تو کوئی 10 روپے نہ دے، اسے لاکھوں ڈالر کون دیتا رہا؟ اس کے پیچھے جو طاقت بھی وہ عمران خان تھا،وہ طاقت تھی عمران خان کے پیچھے وزارت عظمیٰ کی اور اس وزارت عظمیٰ کی طاقت سے یہ تمام کرپشن اور منی لانڈرنگ ہوتی رہی۔

مزید پڑھیں:  اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس، وزیراعظم شہباز شریف امریکا روانہ