پشاور پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، ملزم گرفتار

ویب ڈیسک: کیٹپل سٹی پولیس پشاور نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ فقیر آباد کے علاقہ مین چارسدہ روڈ پر دلہا عدنان ولد عمر دراز سکنہ انڈسٹریل سٹیٹ کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا۔
ملزم جلال ولد فضل مولا نے بارات لے جاتے ہوئے دلہے عدنان کو قتل کیا تھا جس سے خوف کا ماحول بن گیا تھا۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف افتاب عباسی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پولیس نے 48 گھنٹوں کے اندر اندر دن رات محنت کرتے ہوئے نہ صرف اندھے قتل کا سراغ لگا لیا بلکہ ماسٹر مائنڈ دلہن اور اس کے آشنا کا بھی سراغ لگا کر دونوں کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اس اندوہناک واقعے کا سی سی پی او سید اشفاق انور اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف افتاب عباسی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کا سراغ لگانے اور گرفتار کرنے کیلئے ایس پی فقیر آباد ڈویژن اسامہ امین چیمہ کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ایس پی فقیر آباد سید طلال احمد کی سربراہی میں ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر علاقے کی جیو ٹیگنگ، جیو فینسنگ اوعر دیگر ذرائع استعمال کرنا شروع کئے۔
جامع تفتیش کے دوران ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر پولیس نے ملزم جلال ولد فضل مولا سکنہ مسلم آباد چارسدہ حال حضرت بابا پشتخرہ اور ملزمہ دلہن مسماۃ (س) دختر جہانگیر سکنہ چارسدہ حال لڑمہ کو گرفتار کرلیا۔
تفتیش کے مطابق ملزمہ اور ملزم کا کافی عرصہ سے تعلق تھا اور دونوں آپس میں قریبی رشتہ دار بھی ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف افتاب عباسی نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید پڑھیں:  ایبٹ آباد، موٹر سائیکل گہری کھائی میں جا گری، 60 سالہ شخص جاں بحق