وزیراعظم

خیبرپختونخوا کے مسائل سے آگاہ ‘ہر ممکن مدد کرینگے :وزیراعظم

ویب ڈیسک : نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مسائل سے پوری طرح سے آگاہ ہیں‘وفاقی حکومت محدود وسائل کے باوجود صوبے کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کے امور پر اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کو درپیش مالی و دیگر مشکلات پر غور کیا گیا ۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے خیبرپختونخوا کے مالی مسائل فوری طورپر حل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اس صوبے کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، نگران زیراعظم نے صوبے کے مالی وسائل حل کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کر دی، کمیٹی نیٹ ہائیڈل پرافٹس اور تیل و گیس کی رائلٹی کی ادائیگی کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی۔
نگران وزیراعظم نے خیبر میڈیکل کالج پشاور اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی، انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت نے پچھلے چار مہینوں میں ہر شعبے میں اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ترک وزیر خارجہ ہکان فدان کی ملاقات