بی آر ٹی کے سالانہ مسافروں کی تعداد 8کروڑ سے تجاوز

ویب ڈیسک: پشاور کی بی آر ٹی میں ایک سال کے دوران 8کروڑ مسافروں نے سفر کیا ،روزانہ کی بنیاد پر مسافروں کی تعداد 3 لاکھ 16 ہزار سے تجاوز کر گئی جس میں تقریباً 30 فیصد خواتین ہیں۔ زو کارڈ کے استعمال سے کم کرایہ کٹنے کی وجہ سے شہریوں نے زو کارڈز کا استعمال زیادہ کرلیا یہی وجہ ہے کہ امسال 2 لاکھ 34 ہزار سے زائد زو کارڈز جاری کئے گئے
جس سے زو کارڈ استعمال کرنے والے مسافروں کی مجموعی تعداد 16 لاکھ77 ہزار ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق زو کارڈ کو رواں سال موبائل سے زو ایپ کے ذریعے ری چارج کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ ٹرانس پشاور کی ترجمان کے مطابق زو پشاور جدید طرز پر بنایا گیا ایک ایسا سسٹم ہے جو معاشرے کے ہر فرد خاص طور پر خصوصی افراد کو بھی سفر کرنے کی رسائی فراہم کرتا ہے۔ زو ایپ کو صارفین کیلئے اپ گریڈ کیا گیا جس سے اب مسافر اپنا زو کارڈ نیئر فیلڈ کمیونیکیشن موبائیل فون، یا اومنی شاپ کے ذریعے خود ری چارج کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے سفر کی ہسٹری بھی معلوم کر سکتے ہیں۔ اس سال 62 نئی بسوں کو شامل کیا گیا اور اب بسوں کی مجموعی تعداد 244 ہے
علاوہ ازیں 5 نئے روٹس کا آغاز کیا گیاہے جن میں 3 نئے ایکسپریس روٹس بھی شامل ہیں۔2022ء میں 2ہزار405 رجسٹریشن ہوئی تھیں اور تقریباً 1 لاکھ 43 ہزار ٹرپس کیلئے استعمال کیا گیا تھا جبکہ امسال 3ہزار 825 لوگوں نے رجسٹریشن کرائی اور 2 لاکھ 2ہزار سے زائد ٹرپس کیلئے زو بائیسائیکل کو استعمال کیا گیا۔ گزشتہ سال 26 فیصد خواتین مسافر بس کا استعمال کرتی تھیں جبکہ اس سال 30 فیصد خواتین زو بس سروس کا استعمال کر رہی ہیں۔ اسی طرح زو بائیسا ئیکل کو استعمال کرنے کے لئے بھی خواتین کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ 2022 میں 7 خواتین زو بائیسائیکل کا استعمال کرتی تھیں جبکہ اس سال 44 خواتین نے رجسٹریشن کروائی اور اب مجموعی تعداد 68 ہے۔

مزید پڑھیں:  سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ پہلی بار جاپان نے جیت لیا، پاکستان کو شکست