2023 ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 19 لاکھ مریضوں کا علاج کیاگیا

ویب ڈیسک: لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں سال 2023 کے دوران 19 لاکھ مریضوں کا علاج کیاگیا ،صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال کی ایمرجنسی میں بچوں اور عورتوں سمیت تقریباً 11لاکھ مریضوں کامفت علاج کیا گیا اور ڈیڑھ لاکھ چھوٹے بڑے آپریشن کئے گئے جبکہ او پی ڈی میں 8 لاکھ سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔ہسپتال ترجمان محمد عاصم نے صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات کے زخمیوں کو لایا گیا جبکہ ہارٹ اٹیک، اونچائی سے گرنے ،لڑائی جھگڑے اور گولی لگنے کے بھی کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ۔
ترجمان نے بتایا کہ سال 2023 میں ایل آر ایچ میں تقریبا 20 ہزارسے زائد بچوں کی پیدائش ہوئی جبکہ لاکھوں مریضوں کو مختلف وارڈز میں داخل کیا گیا۔اس سال تین دھماکوں کے سینکڑوں زخمیوں کو بھی علاج معالجے کی مفت سہولیات دی گئیں ترجمان نے کہا کہ رواں سال مالی مشکلات کے باوجود نے مریضوں کو ہر ممکن علاج فراہم کیا
محمد عاصم نے کہا کہ ایل آر ایچ انتظامی لحاظ سے پاکستان کے بہترین ہسپتالوں میں سے ہے جبکہ اس سال بھی ڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈیکل سمیت تمام یونٹس اور ڈیپارٹمینٹس نے دن رات کام کیا۔ اور مریضوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر محمد ذبیر خان نے بورڈ کی طرف سے ایل آر ایچ کی سالانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کا سب سے بڑا ہسپتال اپنی سروسز آئندہ بھی اسی طرح جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں:  گڈ گورننس اور مسائل کےحل کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہوتی ہے، علی امین