عدم اعتماد کا اعلان

پی ٹی آئی کا چیف جسٹس فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اعلان

ویب ڈیسک :پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کوئی حق نہیں آپ پی ٹی آئی یا ان کے وکلاءکی تضحیک کریں ۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیف جسٹس کی رویے کی مذمت کرتی ہے، موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ہوتے ہوئے ہمیں انصاف نہیں مل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ آج لیگل ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرکے سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیسز پر گفتگو کی لیکن فاضل چیف جسٹس کا تحریک انصاف کے وکلاءکے ساتھ رویہ توہین آمیز ہے‘ فاضل چیف جسٹس سمجھتے ہیں ملک میں امن و آشتی ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 12 سو کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں لیکن ہمارے کیسز کو نظر انداز کیا جا رہا ہے‘سپریم کورٹ نے عمیر نیازی کو توہین عدالت کا نوٹس بھیجا لیکن آر اوز کے کنڈکٹ پر نوٹس نہیں لیا جا رہا، ہمارے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کو اغواءکیا جا رہا ہے، بہتر ہوگا پی ٹی آئی کے کیسز کے لیے علحیدہ بینچر بنائے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چیف جسٹس پی ٹی آئی دور میں دائر کیے گئے ریفرنس کا بغض نہیں نکال سکے ہیں اور ہم نے قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس بننے پر مبارک باد دی تھی، ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن پی ٹی آئی توہین برداشت نہیں کرسکتی۔

مزید پڑھیں:  اورکزئی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق