کاغذات نامزدگی، 53 اپیلوں پر الیکشن ٹربیونلز میں سماعت، 31 منظور

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ کے تین الگ الگ الیکشن ٹربیونلز نے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی مسترد اور منظور کرنے کے خلاف دائر 53 اپیلوں پر سماعت مکمل کرلی اور ابو تراب، آفتاب عالم، خرم ذیشان، ثانیہ حیدر سمیت 31 امیدواروں کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے جبکہ این اے31 پشاور سے تیمور حسن، این اے 21 مردان سے دوست محمد خان، پی کے 83 سے حوریہ خان سمیت 10 اپیلیں خارج کر دیں ۔
پیر کے روز پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل الیکشن ٹریبونلز نے 53 اپیلوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکلاء پیش ہوئے۔ ٹربیونلز نے 31 اپیلیں منظور جبکہ 10 اپیلیں خارج کر دیں۔ اسی طرح 12 اپیلوں پر سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق این اے 31 پشاور سے تیمور حسن، این اے 21 مردان سے دوست محمد خان، پی کے 83 سے حوریہ خان ،پی کے 34 نوشہرہ سے محمد شاہد، پی کے 73 پشاور سے سخی جان، پی کے 81 سے اصغر خان، پی کے 82 سے صمد مرسلین اور پی کے 83 سے سرفراز مرسلین کی اپیلیں بھی خارج کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  کرم میں جھڑپیں تیسرے روزبھی جاری، 12افراد جاں بحق، 22سے زائد زخمی