مردان، سیشن کورٹ میں کنٹرول روم، وکلاء کیلئے ہیلتھ کیئر یونٹ کا افتتاح

ویب ڈیسک: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ابراہیم خان نے مردان کا دوراہ کیا۔ اس دوران انہوں نے سیشن کورٹ میں کنٹرول روم کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر جسٹس ابراہیم خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حالیہ دہشت گردی کے حالات اور امن و امان کی صورتحال کو ملحوظ خاطر رکھ کر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 66 کیمروں پر مشتمل کنٹرول روم کی مدد سے کچہری اور ڈسٹرکٹ اکاوٴنٹس کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنائَی جا سکے گی۔
انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ کچھ دنوں میں پشاور ہائیکورٹ پر سیاسی فگر سمیت دیگر نوعیت کے مقدمات کا بڑا بوجھ پڑا، اللہ گواہ ہے میں نے انصاف پر مبنی فیصلے کئے۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ابراہیم خان نے کہا کہ ججز صاحبان التوا مقدمات کو جلد از جلد نمٹائیں اور سائلین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
سیشن کورٹ میں کنٹرول روم کے افتتاح کے موقع پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ابراہیم خان نے مردان بار کیلئے کئے گئے مطالبات منظور کرنے کا بھی اعلان کیا۔
جسٹس ابراہیم خان نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس پر وکلاء اکٹھے ہوجائیں ہم تعاون کریں گے۔
وکلاء کیلئے ہیلتھ کیئر یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر یونٹ میں وکلاء کو ابتدائی صحت سہولیات میسر ہوں گی جس سے ان کے صحت سے جڑے مسائل کسی حد تک حل ہو سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس ابراہیم خان نے خواتین وکلاء کیلئے الگ بار روم کا افتتاح بھی کردیا۔ چیف جسٹس نے خواتین بار کیلئے واٹر ڈسپنسر، ایل ای ڈی اور ایئر کنڈیشنڈ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں رواں سال 91 دہشتگرد ہلاک ہوئے ، سی ٹی ڈی