بارش و فباری

پشاور سمیت مختلف اضلاع میں بارش و فباری کا سلسلہ شروع

ویب ڈیسک :صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں طویل خشک سالی کا خاتمہ جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ اور مضافات میں بھی باران رحمت شروع ہوگئی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافے ساتھ ساتھ کھڑی فصلوں کو فائدہ ہوگا ۔
ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام نتھیاگلی میں برف باری کاسلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے جس سے نتھیاگلی ‘ایوبیہ ‘ٹھنڈیانی سمیت دیگر علاقوں میں پہاڑوں نے سفید چادر اورھ لی۔
لوئردیر میں میدانی علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ پہاڑی سلسلوں پر برف باری جاری ہے جس سے جاتی سردی لوٹ آئی ہے ‘وادی تالاش کے بیشتر علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا جبکہ دوسری جانب بند راستوں کو روکنے کے لئے بھاری مشینری پہنچا دی گئی ہے ۔
دیربالا کے شہری علاقوں میں بارش اور لواری ‘کمراٹ سیدگئی جھیل ‘کلکوٹ میں شدید برف باری کے نتیجے میں رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
دریں اثناءہری پور شہراور گردونواح میں ہلکی بارش موسم دوبارہ سردہونے لگا‘تحصیل غازی اور تحصیل خانپور میں بھی ہلکی بارش سے گزشتہ دو ہفتوں سے جاری خشک موسم کا خاتمہ ہو گیا ہے ۔
مینگورہ شہر اور ملحقہ علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے ‘ملم جبہ ، کالام اور دیگر علاقوں میں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی اور بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا سلسلہ آئندہ روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ماہرین کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں وبائی امراض کا خاتمہ جبکہ زیر زمین پانی کی سطح میں بھی بہتری کی امید ہے ۔

مزید پڑھیں:  فیض آباد دھرنا کیس: وفاق کی نظرثانی اپیل سماعت کیلئے مقرر