پیپلز پارٹی اور جے یو آئی

سینیٹ انتخابات:پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا تعاون پر اتفاق

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان سینیٹ انتخابات میں باہمی تعاون پر اتفاق ہو گیا ہے ۔
اسلام آباد میں جے یو آئی کا وفد مولانا عبدلغفور حیدری کی قیادت میں پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ پہنچا، وفد کی پیپلزپارٹی رہنمائوں یوسف رضا گیلانی، نیئرحسین بخاری اور میر اعجاز جاکھرانی سے ملاقات ہوئی ۔
ملاقات کے دوران سینیٹ انتخابات سمیت دیگر سیاسی امور پر مشاورت کے علاوہ باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی حوالے سے بہترپیشرفت ہوئی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کا ساتھ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے اندر ووٹوں کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا تھا تاہم حکومت سازی کے عمل میں شریک نہیں ہوں گے۔
اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پارلیمان میں ایک دوسرے کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ہماری مذاکراتی کمیٹی نے قیادت کی ہدایت پر دو تین مرتبہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی، ملاقاتوں اور حمایت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہم جمعیت علمائے اسلام کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور، بے روزگاری و مہنگائی کیخلاف نوجوانوں اور رکشہ یونین کا احتجاج