نیتن یاہو

نیتن یاہو کا غزہ جنگ میں بندی تسلیم کرنے سے انکار

ویب ڈیسک: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی برقرار ،کسی بھی صورت غزہ میں جنگ بندی تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات میں کہا کہ کوئی ایسا معاہدہ تسلیم نہیں جس میں جنگ کا خاتمہ شامل ہو۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حماس نے جنگ ختم کرنے پر اصرار کیا تو معاہدہ نہیں ہوگا اور رفح پر چڑھائی کردیں گے۔
دوسری جانب حماس کے ساتھ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے جاری مذاکرات کے باوجود جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح پر حملہ کرنے پر اسرائیل کے اصرار پر امریکی وزیر خارجہ نے دو ٹوک موقف دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن رفح میں اسرائیلی فوجی کارروائی کی حمایت نہیں کرتا۔
امریکی وزیر خارجہ نے غزہ میں انسانی امداد میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا، بلنکن نے حماس پر بھی زور دیا کہ وہ جنگ بندی معاہدہ قبول کریں۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن گزشتہ روز غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے پر زور دینے کے لیے تل ابیب پہنچے تھے۔
بلنکن نے امداد سے لدے پہلے اردن کے ٹرک قافلے کے آغاز کا مشاہدہ کیا جسے ایریز کراسنگ کے ذریعے غزہ کی پٹی کی طرف روانہ کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے سخت الفاظ میں کہا تھا کہ رفح سے شہریوں کو نکالنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور اس شہر پر زمینی حملہ کرنے کی تیاری ہو رہی ہے، حماس اور تل ابیب کے درمیان معاہدہ ہونے کے باوجود وہاں پر فوجی کارروائی ہوگی۔

مزید پڑھیں:  نان فائلر کیخلاف گھیرا تنگ، اکاونٹ سے رقم نکلوانے پر ٹیکس کٹوتی میں اضافہ