صوبے کے حقوق کیلئے پی ٹی آئی کے رابطے کا مثبت جواب دیا جائیگا، آفتاب شیرپاؤ

ویب ڈیسک: قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ نے ضلع کوہاٹ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار ختم ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست میں مداخلت چھوڑ دے تو حقیقی عوامی نمائندے اسمبلیوں میں آسکیں گے۔
رہمنا قومی وطن پارٹی آفتاب شیرپاو نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام سیاسی طور پر بیدار ہیں۔ حالیہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو ہمدردی اور اسٹبلشمنٹ کے خلاف غم و غصّے کا ووٹ ملا۔
آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونیوالی جماعتوں کو دھاندلی کی شکایت ہیں اور ہارنے والی جماعتوں کو بھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت شدید معاشی مشکلات میں گھرا ہوا ہے، مہنگائی اور دیگر مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں جب غلط فیصلے ہونے لگیں تو ان کے نقصانات عوام تک براہ راست پہنچنمے لگتے ہیں۔
کوہاٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ کیو ڈبلیو پی نے کہا کہ مرکز کو صوبوں کے اختیارات دینے ہوں گے، اپنے صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے اگر پی ٹی آئی رابطہ کرتی ہے تو ہمارا جواب مثبت ہو گا۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں مزید 39 فلسطینی اسرائیلی بربریت کی بھینٹ چڑھ گئے