چھوٹے کام ، بڑا اثر!

ماحولیاتی آلودگی کی بات توہوتی رہتی ہے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درپیش خطرات کابھی کافی تذکرہ ہوتا ہے حکومتی اقدامات اور عالمی ذمہ داریوں کی بھی بات کی جاتی ہے لیکن ہر باشعور انسان کو متوجہ کرنے اور ان کو یہ یاد دلانے اور بتانے میں کوتاہی نظر آتی ہے کہ ایسے کیا کیا اقدامات ممکن ہوسکتے ہیں جن پر عمل درآمد کرکے ہم میں سے ہر ایک صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کے ضمن ہی میں اپنا احسن کردار نہیں کر سکتا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ خود اپنی فلاح کا بھی کافی سامان بھی کر سکتا ہے اور یہ کوئی مشکل کام بھی نہیں بس تھوڑی سی توجہ اور سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ گزشتہ کالم کی طرح اس کالم میں بھی میں شعور اجاگر کرنے والے واٹس ایپ فورم ہی کے مشوروں اور تجاویز میں قارئین کو بھی شریک کرنے کی خواہاں ہوں۔ایک خوبصورت سا پیغام ڈیزائن کرکے انہوں نے اپنا کاربن فٹ پرنٹ کم کریں کے عنوان سے بہت جامع اور فکر انگیز اقدامات بتائے ہیں جن پرعملدرآمدنہ زیادہ مشکل ہے اور نہ ہی اس پر کچھ خرچ آتا ہے پیغام کی ذیلی سرخی بھی قابل توجہ ہے کہ چھوٹے کام بڑا اثر مزید ذیلی سرخی بھی قابل توجہ ہے کہ چھوٹے کام بڑا اثر مزید ذیلی سرخی میں انہوں نے علیحدہ علیحدہ شعبوں کو بانٹا ہے جس سے پہلے کا عنوان ہے توانائی سے بھر پور زندگی اس عنوان سے وہ تجویز کرتے ہیں کہ استعمال میں نہ ہوں تو الیکٹرانکس کی چیزوں کوان پلگ کریں یعنی پلگ میں لگنے نہ رہنے دیں بلکہ پلگ سے نکال کر مکمل طور پر اس برتنے کے سامان اور چیز کو بجلی کے رابطے سے بالکل ہی علیحدہ کریں ایسا اس لئے کرنے کی ضرورت ہوتی ہے کہ جب تک ان کا بند حالت میں بھی بجلی سے رابطہ ہو بجلی استعمال ہوتی ہے او کاربن خارج ہوتا ہے کم یا زیادہ یہ الگ بات ہے جب بجلی استعمال ہوتی ہے اور گھر میں ظاہر ہے کئی چیزیں پلگ میں لگی ہوتی ہیں موبائل کے چارجر سے لے کرلیپ ٹاپ اور ٹی وی تک ہر چیز جڑی ہوتی ہے اور ہم اسے علیحدہ کرنے اور پلگ نکال لینے کی یا تو زحمت ہی نہیں کرتے یاپھر ہمیں اس کا شعور ہی نہیں اور ہم عدم آگاہی کا شکار ہیں بہرحال پہلا کام یہ کرنا ہے کہ الیکٹراکس کی تمام چیزوں کو ان پلگ کریں دوسرا کام توانائی بچانے کے لئے تھرموسٹیٹ کو ایڈجسٹ کرنا ہے اس حوالے سے بھی عمومی بے توجہی ہی رہتی ہے اور پھر مہینے کے آخر میں بجلی کا بل زیادہ آنے پر الگ سے کڑھتے بھی ہیں اور خواہ مخواہ مالی بوجھ بھی پڑتا ہے تھوڑی سی توجہ اور احتیاط کرکے اگر اس سے بچا جا سکتا ہے تو کیا حرج ہے ایک اور قدم توانائی بچانے والے آلات اور ایل ای ڈی لائٹس کے استعمال کا ہے آج کل تو ایئر کنڈیشنڈ سے لے کر فریج اور پنکھوں تک کم بجلی استعمال کرنے والے انورٹر الیکٹرک آلات آگئے ہیں ایک ایک کرکے اگر وہ حاصل کئے جائیں تو اپنا بھی فائدہ اور قوم کا بھی اب ویسے بھی گرمیاں شروع ہو گئی ہیں علاوہ ازیں بھی تازہ ہوا انسانی فرحت کے لئے ضرورت ہے لہٰذا کوشش ہونی چاہئے کہ تازہ ہوا اور قدرتی روشنی کے لئے کھڑکیاں کھلی رکھیں دن کے اوقات میں غیر ضروری لائٹس کا استعمال بالکل نہ ہو۔پائیدار نقل وحمل کے ذیلی عنوان کے تحت تجویز کی گئی ہے کہ مختصر فاصلے کے لئے پیدل چلیں یا موٹر سائیکل پر جائیں گاڑی کا استعمال نہ کریں ایک مرتبہ گھر سے نکلیں تو ضرورتوں اور احتیاجات کی فہرست بنا کر جائیں کہ ایک مرتبہ ہی ایندھن استعمال ہو وقت اور رقم کی بچت اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کی اچھی کوشش کے لئے اس کی اہمیت مسلمہ ہے ساتھ ہی کوشش ہونی چاہئے کہ جتنا ہوسکے اوراستطاعت ہو تو ایندھن کفایت سے استعمال کرنے والی گاڑیوں یا الیکٹرک کاریں استعمال کی جا سکیں ساتھ ہی ساتھ عوامی نقل و حمل ، کار پولنگ یا بائیکنگ کا انتخاب ہونا چاہئے ۔ اس سے اگلے ذیلی عنوان توانائی کا سمجھداری سے استعمال بارے ہے جس کے ذیل میں تجویز کی گئی ہے کہ قابل تجدید توانائی فراہم کرنے والے ذرائع منتخب کئے جائیں ساتھ ساتھ جس طرح اوپر بھی ذکر ہو چکا کہ اپنے گھر میں توانائی کی بچت والے برقی آلات کا استعمال کریں ایئرکنڈیشن اور بجلی کے ہیٹر کا استعمال کم سے کم کریں چھت کے شمسی پینل کے ساتھ شمسی توانائی کا استعمال کریں یہ یقینا اچھی تجویز ہے مگر حکومت شمسی توانائی کی حوصلہ شکنی کے اقدامات اختیار کرنے کے لئے مختلف طریقوں پر غور کر رہی ہے بجائے اس کے کہ شمسی پینل خرید نے کے لئے بلاسود قرضے دیئے جائیں الٹا اپنی جیب سے خرچ کرکے حکومت کو بھی بجلی دینے والوں کی فی یونٹ قیمت نصف کی جا رہی ہے ایسے میں یہ تجویز تو اپنی جگہ بہترہی سہی مگر حکومت کی حوصلہ شکن اقدامات کا یہ سلسلہ نہ رکا تو لوگ گرڈ کو بجلی کی فروخت روک نہ دیں تو کم از کم مزید سرمایہ کاری کوئی بھی نہیں کرے گا ۔ کچرا کم کریں دوبارہ استعمال کریں ری سائیکل کریں کی تجاویز کے ضمن میں تجویز دی گئی ہے کہ ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے استعمال کو کم کریں کاغذ پلاسٹک اور ایلومینیم کو ری سائیکل کریں باورچی خانے کے فضلے کو قدرتی کھاد بنانے اور باغبانی کے لئے استعمال کریں دیہات میں توایسا ہوتا ہی ہے شہروںمیں بھی کچن گارڈننگ کے لئے اس کا استعمال بہترین ہوگا دوبارہ استعمال کے قابل بیگ ، بوتلیں اور کنٹینرز کو کسی اور کام میں لائیں ۔ غور کیا جائے تو ہر گھر میں اس طرح کے کئی ممکنہ اقدامات حسب ضرورت کرنا مشکل کام نہیں پانی کے تحفظ کے حوالے سے تجویزدی گئی ہے کہ باغات کوپانی دینے کے لئے بارش کا پانی جمع کریں رسنے اور ٹپکنے والے نلوں کو فوری طور پر ٹھیک کریں پودوں کو موثر طریقے سے پانی دیں ضرورت سے زیادہ آبپاشی سے گریز کریں مختصر شاور لیں اور پانی بچانے والے آلات لگا ئیں ۔ ساتھ ہی باشعور صارفیت کے ذیلی عنوان سے توجہ دلائی گئی ہے کہ ماحول دوست اور پائیدار مصنوعات کا انتخاب کریں اشیاء کو ضائع کرنے کی بجائے ان کی مرمت کرکے دوبارہ استعمال کے قابل بنائیں محتاط خریداری اور کھانے کی منصوبہ بندی کے ذریعے کھانے پینے کی اشیاء کے ضیاع کو کم سے کم کریں کافی چیزوں کا ذکر ہو چکا اور توجہ بھی دلائی گئی فہرست بھی قدرے طویل ضرور ہے اور ہر تجویز ہر کسی پر لاگو بھی نہیں ہوسکتی مگر تھوڑی سی توجہ اور ہفتہ وار ایک ایک تجویز پر غور اور عمل پر توجہ دی جائے تو مکمل عملدرآمد میں زیادہ سے زیادہ چھ ماہ لگیں گے اور سب سے بڑی بات یہ کہ ہر کام سے پیسے کی بچت بھی ہو رہی ہے اور قومی ذمہ داری کابھی پاس رکھا جا رہا ہے بہت سارے عملی اقدامات ہوسکتے ہیں سب کچھ ممکن بھی ہے اور زیادہ مشکل بھی نہیں تھوڑی سی توجہ اور بس!۔

مزید پڑھیں:  پہلے تولو پھر بولو