دورہ کرغزستان ملتوی

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امیر مقام کا دورہ کرغزستان ملتوی

ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر امیر مقام کا دورہ کرغزستان اچانک ملتوی کردیا گیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں پاکستان طالبعلموں پر تشدد کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور طلبا کی وطن واپسی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امیر مقام کو فوری طور پر بشکیک پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اور امیر مقام نے آج لاہور سے بشکیک کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم اچانک دونوں کا دورہ کرغزستان ملتوی ہو گیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امیر مقام کچھ دیر بعد وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے۔
نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر نے کرغزستان میں پاکستانی طلبا اور متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرنی تھیں اور کرغز حکام کے ساتھ پاکستانی طلبا کی سکیورٹی اور زخمیوں کو علاج و معالجے کی سہولیات سے متعلق تبادلہ خیال بھی کرنا تھا۔
یاد رہے کہ کرغزستان میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں پاکستانی طلبہ و طالبات کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے باعث وہاں موجود پاکستانی طالبعلم خوف و ہراس کا شکار ہیں اور چھپ کر رہنے پر مجبور ہیں۔

مزید پڑھیں:  لاہور جلسے کیلئے وزیراعلیٰ متحرک، ہر حلقے سے 500کارکن لیجانے کی ہدایت