نذرانہ دیئے بغیرنیٹ میٹرنگ؟

چیف ٹیکنیکل آفیسرپیسکو کی جانب سے پیسکو صارفین کوآگاہی دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ سولر پینل پر نیٹ میٹرنگ کیلئے پیسکو کی جانب سے جاری ڈیمانڈ نوٹس کے علاوہ کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کئے جاتے ہیںلہٰذا ڈیمانڈ نوٹس کے علاوہ اضافی چارجز دینے سے گریز کیاجائے۔ ڈیمانڈ نوٹس کی فیس صرف بینک میں ادا کی جائے ، سولر پینل فراہم کرنے والے بعض وینڈرزسپلائرز غیر قانونی طور پر پیسکو کا نام استعمال کر کے صارفین سے اضافی فیس وصول کرتے ہیں جو کہ قانونی طور پر جرم ہے دیر آیددرست آید کے مصداق بعد از خرابی بسیار ہی سہی متعلقہ حکام کو اس کا خیال آہی گیا ہے تو یہ بھی غنیمت ہے لیکن اس کے باوجود اس حقیقت کی پردہ پوشی نہیں ہوسکتی کہ ایس ڈی او اور ایکسین کو بالترتیب پچیس اور تیس ہزار روپے رشوت دیئے بغیر گرین میٹر کی تنصیب اگر ناممکن نہیں تو جاں جوکھوں کاکام ضرور ہے وینڈر سپلائرز اضافی چارجز وصول نہیں کرتے بلکہ وہ اپنے مصارف و اخراجات کی تفصیل بتانے کے بعد ایس ڈی او اور ایکسین کی رشوت کی رقم بھی بتا کر یہ پیشکش کرتے ہیں کہ اگر صارف ان کا ذمہ لے تو وہ اتنی رقم پر سہولت مہیا کرنے کے لئے تیار ہیں ”خدا ترس” ا فسران مسجد کے لئے گرین میٹر لگانے کے لئے اپنا حصہ چھوڑ دیتے ہیں تو میٹر کی اصل قیمت پر ہی میٹر لگ جاتی ہے اس خدا ترسی کامظاہرہ اگر مخلوق خدا کے حوالے سے بھی کیا جائے تو گرین میٹر لگانے والوں کو آسانی اور ان کی حوصلہ افزائی ہو گی چیف ٹیکنیکل آفیسر پیسکو اپنے دعوے کو یقینی بنائیں تو گرین میٹر کے لئے درخواست دہندگان کی لائن لگ جائے گی کیونکہ لوگوں نے طاقتور سولر سسٹم کی تنصیب تو کردی ہے صرف وہ رشوت دینے والا اورلینے والا دونوں جہنمی ہیں کی زد میں نہیں آنا چاہتے بہرحال محولہ بیان سے اس امر کا اظہار ہوتاہے کہ اس لعنت کی روک تھام کافیصلہ کرلیا گیا ہے جس کا تقاضا ہے کہ عوام کو عملی طور پر یقین دلایا جائے کہ اب ان کو رشوت دے کر نار جہنم کی وعید کی زد میں آئے بغیر سہولت کی فراہمی ہو گی اور ان کو رشوت دینے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  سرکاری وسائل اورصحت کے معاملات