بدترین لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ

بدترین لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ سے عوام بلبلا اٹھے، قیمتی گھریلو اشیا ناکارہ

ویب ڈیسک: بدترین لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ سے عوام بلبلا اٹھے، اس شدید گرمی کے موسم میں جہاں درجہ حرارت 40 تک جا پہنچا ہو بدترین لوڈشیڈنگ زہرقاتل سے کم نہیں۔
دوسری جانب بجلی کم وولٹیج اور بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث قیمتی گھریلو اشیا بھی ناکارہ ہو رہی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ پیسکو نے عوام کے دل کے ساتھ ساتھ گھریلو اشیاء بھی جلانا شروع کر دی ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ پشاور شہر اور آس پاس علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کا سلسلہ برابر جاری ہے۔ بجلی آنے جانے سے قیمتی گھریلو برقی آلات بھی ناکارہ ہونے لگیں۔
اس حوالے سے عوام کا کہنا تھا کہ حکومت ہر طرف سے عوام کو زندہ درگور کرنے پر تلی ہوئی ہے، پہلے بدترین لوڈشیڈنگ سے ذہنی طور پر پریشان کئے رکھا اور اب عوام کو مالی طور پر نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔
عوام کا کہنا تھا کہ مغرب سے فجر تک ہر دس منٹ بعد دس منٹ کی لوڈشیڈنگ کا نیا فارمولا آزمایا جا رہا ہے جس سے دن کا سکون اور رات کا چین سب تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔
ملک میں جاری شدید گرمی کے باوجود بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کے خلاف پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے اور اس دوران سڑکیں بند کردی گئیں ۔
پشاور کے مختلف مقامات پر شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ سے تنگ لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے رامداس چوک کو مکمل طورپر بند کردیا تھا جس کے باعث ٹریفک کا نظام مکمل طورپر دررہم برہم ہو گیا ۔
اس موقع پر عوام کا کہنا تھا کہ ہر سال گرمی میں لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہو جاتا ہے اس کے باوجود حکام کو یہ اندازہ کیوں نہیں‌ہوتا ہے اگلے سال کیلئے پیشگی بندوبست کر کے اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے.

مزید پڑھیں:  موقع ملا تو اسرائیل کو منہ توڑ جواب دینگے، پاسداران انقلاب