آتشزدگی سے متاثرہ علاقے میں تجاوزات

نوتھیہ پھاٹک بازار میں دوسری مرتبہ آتشزدگی کی دیگر وجوہات جو بھی ہوں اس ضمن میں اگر قراردیا جائے کہ اس کی اصل وجہ تجاوزات ہیں جن کے نالے کے اوپر قائم ہونے سے مزید مشکلات کا پیش آنا ایک معمول بن چکا ہے تو مسئلے کی سادہ تشریح ہو گی ریلوے کی جا نب سے اسے قانونی بتایاگیا ہے اس سے قبل بھی ریلوے کا باقاعدہ تہہ بازاری اکائونٹ موجود ہے جو بہرحال جدا مضمون ہے لیکن بہرحال تجاوزات سے انکار کی گنجائش نہیں خواہ اسے کسی جانب سے قانونی ہی کیوں نہ قرار دیا گیا ہو جس قاعدے کے تحت ان تجاوزات کا دفاع کیا جارہا ہے ان کا دوبارہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ لوگوں کی زندگیاں کاروبار املاک اور عمر بھرکی جمع پونجی کو بھٹی میں جھونک کر کس طرح کسی محکمے اور اس کے سرپرستوں کی جیب بھرنے کی گنجائش نکالنے کو قانونی قرار دیا جا سکتا ہے۔ امر واقع یہ ہے کہ جہاں بھی تجاوزات ہوں گی اس سے راستے اور گزر گاہیں تنگ نالوں پر تعمیرات اور نکاسی آب میں رکاوٹوں کا باعث ضرور ہوں گی بدترین آتشزدگی کے دوسرے واقعے آگ بجھانے میں مشکلات کے باعث نقصانات کا زیادہ ہونا کوئی پوشیدہ امر نہیں اب مون سون کی شدید بارشوں کی آمد آمد ہے جس سے شہری سیلاب کے خطرات میں اضافے کے خدشات کا پہلے سے اظہار ہوتا آیا ہے خدشہ ہے کہ نوتھیہ کے متاثرہ علاقے کے مکین کہیں خدانخواستہ آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا کے مصداق نہ بن جائیں اور شدید آتشزدگی کے بعد شہری سیلاب ان کا مزید نقصان کاباعث نہ بنے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بلدیاتی حکام محکمہ مواصلات و تعمیرات کے نمائندے ریلوے کے حکام اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کے حکام اور صوبائی حکومت کے نمائندوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جائے جو بار بار آتشزدگی کی وجوہات اور اس سے نقصانات کا جائزہ لے کر علاقے کو تجاوزات سے پاک کرنے سمیت دیگر امکانات کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے اور متعلقہ وفاقی اور صوبائی ادارے اس پر سنجیدگی سے عملدرآمد کرکے آئندہ کے لئے اس طرح کے خطرات کا تدارک کرنے کے اقدامات یقینی بنائیںایسا نہ ہو کہ خدانخواستہ کوئی ایسا واقعہ رونما ہو کہ غفلت و تساہل کا شکار محکمے اور حکومت کے لئے اس سانحہ کی روک تھام ہی ممکن نہ رہے اور خدانخواستہ علاقہ کے مکین کسی اور بڑے نقصان اور واقعے کا شکار نہ ہوں متاثرین کی امداد و بحالی کا عمل مقدم رکھا جائے اور بلا تاخیر متاثرین کی مدد یقینی بنائی جائے۔

مزید پڑھیں:  میزانیہ نہیں سیلاب بلا