بجلی صارفین کے بنیادی ٹیرف

بجلی صارفین کے بنیادی ٹیرف پر ماہانہ ہزار روپے تک فکس چارجزعائد

ویب ڈیسک: نیپراکی جانب سے بجلی صارفین کے بنیادی ٹیرف پر ماہانہ ہزار روپے تک فکس چارجز عائد کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ گھریلو اور دیگر بجلی صارفین کے لیے فکسڈ چارجز میں 184 فیصد تک اضافے کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔
یاد رہے کہ بجلی کے گھریلو صارفین پر پہلے فکسڈ چارجز عائد نہیں تھے اب اس منظوری کے بعد اب فکسڈ چارجز بجلی کی بنیادی قیمت کا حصہ ہوں گے۔
حکومت نے بجلی صارفین کے بنیادی ٹیرف پر ماہانہ 200 تا ایک ہزار روپے تک فکس چارجز عائد کر دیئے جس کی منظوری نیپرا نے باقاعدہ طور پر دے دی۔ اب جہاں دیگر مشکلات آئی ایم ایف کا تحفہ تھے وہیں بجلی قیمت بڑھنا بھی انہی میں سے ایک ہوگی۔
نیپرا کی جانب سے فکس چارجز کی منظوری کے بعد صارفین کے بنیادی ٹیرف میں ماہانہ 200 سے ایک ہزار روپے فکس چارجز شامل کیے جائیں گے۔
نیپرا کے اعلامیہ کے مطابق کمرشل صارفین پر مقررہ چارجز میں 300 فیصد اور صنعتی استعمال پر 355 فیصد تک کا اضافہ ہو گا۔ اس رو سے دیکھا جائے تو 301 سے 400 یونٹ تک استعمال پر گھریلو صارفین یکم جولائی سے 200 روپے فکس چارجز ادا کریں گے۔
401 تا 500 یونٹ والے صارفین 400 روپے، 501 تا 600 یونٹ مستعمل کرنے والے صارفین 600 روپے، 601 تا 700 یونٹ والے صارفین 800 روپے جبکہ ماہانہ 700 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو ماہانہ 1 ہزار روپے فکس چارجز ادا کرنا ہوں گے۔
حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ 5 کلو واٹ سے کم لوڈ والے کمرشل صارفین کو ماہانہ 1000 روپے، 5 کلو واٹ یا اس سے زیادہ لوڈ والے کمرشل صارفین 2000 روپے ادا کریں گے۔
مہنگائی کے ستائے عوام جو پہلے ہی پریشانی کا شکار تھے اب اس نئے نیپرا کے کوڑے سے ان کی حالت غیر ہو جائیگی۔ کیونکہ حکومت کی جانب سے ان پر صرف بجلیاں ہی گرائی جا رہی ہیں ان کی داد رسی کو کوئی کوشش نہیں کی جا رہی۔

مزید پڑھیں:  صوبائی حکومت علاقائی کھیلوں کے فروغ کیلیے اقدامات کر رہی ہے، عاقب اللہ خان