پینٹاگان اظہار افسوس

پینٹاگان کا دہشت گردحملے میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر اظہار افسوس

ویب ڈیسک: امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کی جانب سے دہشت گردوں کے حملے میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیاگیا ۔
پینٹاگان کے ترجمان میجر جنرل پیٹرک رائیڈر نے کہا کہ بنوں حملے میں پاکستانی فوجی جوانوں کے جانی نقصان پر افسوس ہوا ہے، ہماری دعائیں شہید ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
ترجمان پینٹاگان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں دہشت گردوں کے ساتھ مشکل جنگ میں ہے، امریکا اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مل کر کام کرنے والے طریقوں پر بات کر رہے ہیں، انسداد دہشت گردی کے لیے امریکا اور پاکستان ماضی میں بھی کام کر چکے ہیں۔
پاکستان کو جدید امریکی ہتھیار فراہم کرنے کے سوال پر ترجمان پینٹاگان کا کہنا تھا کہ اس سے متعلق ان کے پاس ابھی اعلان کرنے کو کچھ نہیں، پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تعاون کے تعلقات برقرار ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی عسکری ضروریات کے میکانزم پر بات چیت ہو رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  صوبائی کابینہ کا 12 واں اجلاس شروع، مفاد عامہ سے متعلق فیصلے متوقع