ٹیکس نادہندگان ملک کیساتھ مخلص نہیں

ٹیکس نادہندگان ملک کیساتھ مخلص نہیں، محمد اورنگزیب

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر دوست سکیم متعارف کرائی ہے، ٹیکس نادہندگان ملک کیساتھ مخلص نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کیلئے ٹیکسیشن کے عمل کو انتہائی آسان کردیا ہے، ٹیکس واجبات کی ادائیگی سے معیشت مضبوط ہوگی، تاجر اور سرمایہ کاروں کیلئے سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہمیں چین اور امریکا دونوں بلاکس کے ساتھ آگے چلنا ہے، چین نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری میں بھی پاکستان کی حمایت کرے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ یکم جولائی سے انڈسٹری کو 68 ارب کے ریفنڈز دیئے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹیکسز بڑھانے ہیں تو حکومت کو بھی عوام کو سہولیات دینا ہوں گی، کوشش کر رہے ہیں کہ نچلے طبقے پر ٹیکس کا بوجھ نہ ڈالا جائے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ ایف بی آر کی اصلاحات پر ہر ہفتے میٹنگ ہوتی ہے، ایف بی آر سے ہراسگی ختم ہوگی، نان فائلز کو براہ راست نوٹس کی بجائے سینٹرلائزڈ طریقے سے نوٹس کئے جائیں گے، تاہم ٹیکس نادہندگان ملک کیساتھ مخلص نہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے چین سے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، دورہ چین میں پانڈا بانڈ اور کول پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقلی کی بات ہوئی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 82 ہزار پوائنٹس کی حد بحال، ڈالر بھِی سستا