فوج کیخلاف نفرت پھیلانے کی کوشش

فوج کیخلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کبھی نہیں کی، ہمیشہ سپورٹ کیا

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ فوج کیخلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کبھی نہیں کی بلکہ ہمیشہ سپورٹ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے اختلافات برقرار رہنے کیلئے حکومت کی پوری کوشش رہی ہے تاکہ یہ مزے کرتے رہیں۔ یہ تو ہمیں کالعدم قرار دینے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ ہم پر ملک کے مفاد کے خلاف کام کرنے کا الزام غلط اور گمراہ کن ہے، ملکی مفاد کے خلاف کام کرنے کے الزام کی میں تردید کرتا ہوں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ فوج کیخلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کبھی نہیں کی، بلکہ فوج کو ہمیشہ سپورٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ کسی ادارے سے کوئی لڑائی نہیں، اس کے برعکس کچھ لوگوں کے ساتھ ذاتی اختلاف ہے جو کہ ماضی سے رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ لوگوں سے اختلاف ہماری سیاست کا حصہ رہا ہے۔ اس دوران کسی کے خلاف جارحانہ انداز میں بیان بازی نہیں کی، ہاں اسٹیبلشمنٹ سے گلے شکوے ضرور رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پالیسیوں پر اختلاف ہو سکتا ہے لیکن یہ اختلاف اداروں کیخلاف نہیں، بانی پی ٹی آئی کئی بار کہہ چکے کہ پاکستان کی خاطر بات کرنے کے لیے تیار ہوں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ یہ جو چور بیٹھے ہیں ان کی خواہش یہی ہے کہ پی ٹی آئی ایسی ہی آزمائش میں الجھی رہے، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی، نشان چھین لیا گیا، اس کے برعکس ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دیں تو یہ ہمارے لیے ایک گھنٹے کی مار ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری بھِ کچھ شکایاتیں ہیں انہیں دور کیا جائے، سیاست کے میدان میں ہمارا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، بس چند لوگ فائدہ اٹھانے کی کوشش میں معاملات بگاڑ رہے ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بنوں میں پیش آنے والے واقعات سنبھال لیے، راضی نامہ ہوگیا لیکن اس کے باوجود امیر مقام اور عطا تارڑ کہنے لگے کہ یہ تو پی ٹی آئی کا کیا دھرا ہے، پاکستان کے مفاد میں جو کچھ ہوگا اس کے لیے کھڑے تھے اور رہیں گے۔

مزید پڑھیں:  انٹرا پارٹی انتخابات، پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے مزید مہلت