چیف جسٹس قتل کے فتوے

چیف جسٹس قتل کے فتوے دینے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ

ویب ڈیسک: وفاقی وزراء احسن اقبال اور خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس قتل کے فتوے دینے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائِیگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو شرانگیزی اور فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں مذہب کے نام پر خون خرابے کی کوشش کی جارہی ہے، چیف جسٹس قتل کے فتوے شرانگیزی ہی تو ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، سپریم کورٹ اس معاملے پر اپنے فیصلے کی وضاحت کر چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست کسی طور پر قتل کے فتوے جاری کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
وزیر دفاع کے مطابق سیاسی اور دیگر مفادات کےلیے سوشل میڈیا پر عوام کو قتل پر اکسانے والی پوسٹ لگائی جارہی ہیں، ریاست اس پر ایکشن لے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو کئی سالوں سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے اور یہ عدلیہ میں حق کی آواز کو خاموش کرانے کی کوشش ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ چیف جسٹس کے قتل کے متعلق بات کرنا پاکستان کے آئین سے بغاوت ہے، چیف جسٹس کو قتل کی دھمکیاں دینے کی مذمت کرتے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جید علماء سے درخواست ہے کہ آگے بڑھیں اور لوگوں کی رہنمائی کریں۔

مزید پڑھیں:  ایران کا اسرائیل پر حملہ ،400کے قریب میزائل فائر