تحریک انصاف پر پابندی قانون

تحریک انصاف پر پابندی قانون کے مطابق ہوگی، احسن اقبال

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ریاست کے مفادات پر براہ راست حملے کر رہی ہے، ایسے طرز سیاست کی اجازت قطعی نہیں دی جا سکتی، تحریک انصاف پر پابندی قانون کے مطابق ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہی پی ٹی آئی ہی ہے جو ملکی سیاسی جنگ کو امریکی ایوان میں لے گئی، اب فوج سے بات چیت کا اشارہ دے رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ فوج اور پی ٹی آئی میں بات چیت پر کوئی پریشانی نہیں۔
احسن اقبال کا بانی پی ٹی آئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ فوج نے تو دو ٹوک الفاظ میں موقف واضح کر دیا ہے کہ وہ سیاست سے علیحدہ رہنا چاہتی ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی اس کے باوجود سیاست میں مداخلت کی دعوت فوج کو دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تو کچھ بھی معلوم نہیں لیکن عمران خان بتائیں فوج سے کس بات پر مذاکرات کرنے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جی ایچ کیو پر احتجاج کے حوالے سے سب کچھ تسلیم کر چکے ہیں، ان کا طرزسیاست تضادات سے بھرا پڑا ہے۔
وزیر منصوبہ بندی نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی ایک طرف سول بالادستی کی بات کرتی ہے تو ساتھ ہی فوج کو مداخلت کی دعوت بھِی دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ گھوڑے پر سوار کر کے انہیں دوبارہ وزیراعظم ہاؤس پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکا میں 9 مئی ہوتا تو پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی ہوتی، امریکی کانگریس پر حملے میں ملوث افراد کو 14 سال سزا سنائی گئی۔ یہاں ایسا نہیں ہو رہا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنا طرز عمل بدلے اور قوم و اداروں سے معافی مانگے تو قومی دھارے میں شامل ہو سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ طرز سیاست کے ساتھ پاکستان میں پی ٹی آئی کی کوئی گنجائش نہیں، تحریک انصاف پر پابندی قانون کے مطابق ہوگی۔

مزید پڑھیں:  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا ملین مارچ کا اعلان