صرف 2مہینے کا وقت

حکومت کے پاس صرف 2مہینے کا وقت ہے، عمران خان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جیل سے پیش گوئی کررہا ہوں کہ حکومت کے پاس صرف 2مہینے کا وقت ہے ، یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے معافی مانگ لی۔
190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر راولپنڈی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان کاکہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے، 9مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی والے سامنے لائے جائیں تو معافی مانگوں گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ 9مئی پر صرف انصاف چاہتے ہیں، میں صرف اور صرف پاکستان کے لیے بات کرنے کا کہہ رہا ہوں۔
بانی پی ٹی آئی نے ایک بار پھر واضح کردیا ہے کہ جتنے مقدمات بنانے ہیں بنا لیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، ڈیل وہ کرتا ہے جس نے کوئی جرم کیا ہو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت میں موجود ریلو کٹے فوج کو ورغلاتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو ختم کردیں، القادر ٹرسٹ کیس میں گواہ پیش کروں گا،شناخت نہیں بتاسکتا ورنہ ڈالا پہنچ جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت کی زیر نگرانی دوبارہ الیکشن ہوئے تو ہم نہیں مانیں گے۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھ سے مذاکرات کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا، جیل سے پیش گوئی کررہا ہوں کہ حکومت کے پاس صرف 2 مہینے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دلدل میں پھنستی جارہی ہے، یہ بیوقوف ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہی، میرے پاس بہت وقت ہے ، ان کے پاس وقت ختم ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی عمران خان سے ملاقات،ڈی چوک احتجاج پر مشاورت