فائرنگ کا سلسلہ تھم گیا

طور خم سرحد پر فائرنگ کا سلسلہ تھم گیا ،2ایف سی اہلکار زخمی

ویب ڈیسک: طورخم سرحد پر پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ تھم گیا ،فائرنگ میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں 2ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے ۔
ایف سی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز افغان فورسز کے اہلکار طورخم سرحد کے قریب روڈ اور مورچہ تعمیر کررہے تھے جس پر ایف سی حکام نے متنازعہ حدود میں افغان فورسز کو تعمیرات سے منع کیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ایف سی حکام کے منع کرنے کے باوجود افغان فورسز کے باز نہ آنے پر روڈ کی تعمیر پر تنازعہ پیدا ہوا اور دوطرفہ فائرنگ شروع ہوگئی جس کے باعث طورخم سرحد بھی آمدو رفت کیلئے بند کردی گئی ۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ رات بھر وقفے وقفے دو طرف فائرنگ جاری رہی اور اس دوران بھاری ہتھیار بھی استعمال کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی فائرنگ سے 2ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے تاہم طور خم سرحدی گزرگاہ ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہے۔
دوسری جانب طورخم بازار اور مضافات میں رہائش پذیر متعدد خاندان محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  آرٹیکل 63اے کی تشریح کا معاملہ، بینچ کی تشکیل پراعتراض عائد