دستانوں کی مد میں کروڑوں کی

دستانوں کی مد میں کروڑوں کی مبینہ خردبرد کا انکشاف

ویب ڈیسک: دستانوں کی مد میں کروڑوں کی مبینہ خردبرد کا انکشاف، باجوڑ اور شمالی وزیرستان کیلئے 2 کروڑ 80 لاکھ دستانے خریدے گئے۔ ڈی ایچ او کے سٹور کیپر کا لاعملی کا اظہار۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں دستانوں کی مد میں کروڑوں کی مبینہ خردبرد کا انکشاف کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونیوالی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ریکارڈ میں ظاہر کیا گیا ہے کہ دستانے ڈی ایچ اوز کے سٹورز میں موجود نہیں، اس لئے باجوڑ اور شمالی وزیرستان کیلئے 2 کروڑ 80 لاکھ دستانے خریدے گئے۔
دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دستانے فروری اور مارچ میں خریدے گئے جن کی مجموعی لاگت 63 کروڑ 83 لاکھ روپے ہے، ان دستانوں کی خریداری کیلئے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کی جانب سے ادائیگیاں کی گئیں۔
دستاویزکے مطابق ڈی ایچ او کے سٹور کیپر نے دستانوں سے متعلق واضح طور پر لاعملی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ دستانوں کا کوئی سٹاک ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کو موصول نہیں ہوا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس باجوڑ کیلئے 6 کروڑ 78 لاکھ روپے کے دستانے خریدے گئے۔
دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس باجوڑ کے 30 لاکھ دستانے بھی غائب ہیں، دوسری طرف ڈی ایچ او شمالی وزیرستان کیلئے 43 کروڑ 48 لاکھ روپے کے دستانے خریدے گئے، جبکہ ڈی ایچ او شمالی وزیرستان کیلئے خریدے گئے ایک کروڑ 90 لاکھ دستانے بھی غائب ہیں۔
وزیر صحت خیبرپختونخوا قاسم علی شاہ کی جانب سے اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان دستانوں کے سکینڈل میں ملوث افراد سے قطعی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت میں جو کرپشن ہوئی ہے، سب سامنے لا رہے ہیں، عوام کو سب کچھ بتائیں گے۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور جان بوجھ کر لاہور اور اسلام آباد جلسے میں نہیں پہنچے، فیصل کریم