خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شٹرڈاؤن

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شٹرڈاؤن ہڑتال،کاروباری مراکزبند

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شٹرڈاؤن ہڑتال کے باعث دکانیں بند اور مارکیٹیں سنسان پڑی ہیں۔
ضلع لکی مروت میں جماعت اسلامی اور آل پاکستان تاجر ایسوسی ایشن کی کال پر مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
گمبیلا، سرائے نورنگ میں آج بازار مکمل بند اور شٹر ڈاؤن ہے، جس کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی نہ ہونے کے برابر ہے، تاجر برادری اور جماعت اسلامی کے کارکنان ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرم ہو گئے۔ اس موقع پر جے یوآئی اور دیگر جماعتوں نے بھی جماعت اسلامی کا ساتھ دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔
ادھر ضلع مالاکنڈ میں بھی ظالمانہ ٹیکسز اور کسٹم ایکٹ کے خلاف مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ہے، درگئی، سخاکوٹ، بٹ خیلہ اور تھانہ میں کاروباری مراکز بند پڑے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹیں مکمل طور پر سنسان اور سڑکیں ویران ہیں۔
کاروباری مراکز کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں تمام پرائیویٹ تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ وکلا برادری بھی بھرپور ساتھ دینے کیلئے تیار ہے اور انہوں نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔
ضلع مالاکند میں تاجر تنظیمیں اج احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دینگی، اس موقع پر تاجروں نے کہا ہےکہ کسی بھی صورت بجلی بلوں میں ٹیکس نہیں دینگے۔
ضلع دیر بالا میں بھی مہنگائِی اور ٹیکسز کے خلاف تمام چھوٹے بڑے بازار مکمل طور ہر بند ہیں۔ دیر خاص، داروڑہ ، بیبیوڑ، واڑئی، اخگرام، گندیگار میں تمام مارکیٹس بند ہیں۔
ضلع بھر میں شٹر ڈاون کی وجہ سے سڑکیں سنسان جبکہ ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ دکانوں میں کیمسٹ بھی بند ہیں۔
ضلع مردان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے دوران تمام کاروباری مراکز بند ہیں، اس موقع پر تمام تاجر تنظیموں نے کہا ہے کہ شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تاجر گروپس ایک پیچ پر ہیں۔
مردان شہر کے تمام بڑی اور چھوٹی مارکیٹیں مکمل طور بند ہیں، دوسری طرف ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے جماعت اسلامی بھی سرگرم ہے۔
دوسری طرف لوئر دیر میں سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اج کی کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال حکومت کی پالیسیوں پرعدم اعتماد یے۔ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام اور تاجر برادری کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ امن و امان کی خراب صورتحال اور معیشیت کی زبوں حالی موجودہ وقت کے اہم مسائل ہیں، بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکسسز کے خلاف جماعت اسلامی اور انجمن تاجران کی کال پر ضلع بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔
ادھر ضلع صوابی میں بھی جماعت اسلامی نے شٹر ڈاون ہڑتال کی حمایت کردی ہے۔ اس ہڑتال کے دوران تمام کاروباری اور تجارتی مراکز بند ہیں۔
چارسدہ میں بھی یہی صورتحال ہے، مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث تمام مارکیٹیں بند اور بازار سنسان ہیں۔
ضلع بھر کے دیگر علاقوں تحصیل تنگی، شب قدر، سرڈھیری، عمرزئی وغیرہ میں بھی مکمل ہڑتال ہے۔
چارسدہ کے فاروق اعظم چوک میں احتجاجی جلسے کے لئے سٹیج بھی تیار کیا گیا ہے۔ تاجربرداری اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین یہاں خطاب کریں گے۔

مزید پڑھیں:  افغانستان سے مذاکرات، عمران خان نے علی امین کی تائید کر دی