سمندری طوفان رخ تبدیل

سمندری طوفان رخ تبدیل، کراچی سے 500کلو میٹر دور جا پہنچا

ویب ڈیسک: سمندری طوفان کا اسنی کا رخ تبدیل ہو گیا ہے جس کے بعد کراچی سے تقریباً 500کلو میٹر دور جا پہنچا۔
بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان اسنی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے ٹراپیکل سائیکلون کا 9واں الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان شمال مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہے۔
گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھا، اسنی کراچی کے جنوب مغرب سے 500 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
سمندری طوفان اورماڑہ کے جنوب مغرب سے 350 کلومیٹر جبکہ گوادر کے جنوب سے 260 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
مسقط عمان سے 430 کلو میٹر مشرق، جنوب مشرق میں موجود سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مغرب کی طرف بڑھتا ہوا طوفان سمندر ہی میں کمزور پڑ جانے کی توقع ہے، اس طوفان کے زیر اثر آج شام تک وقفے وقفے سے اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی اور تربت میں گرج چمک تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
انتظامیہ نے بلوچستان کے ماہی گیروں اور شہریوں کو آج اور کل سمندر کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سندھ کے ماہی گیر آج سے اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  شمالی وزیرستان میں چارٹرڈ ہیلی کاپٹر کریش ، 6 افراد جاں بحق