مہنگائی کی شرح کم ہونا

مہنگائی کی شرح کم ہونا حکومتی اقدامات کا نتیجہ ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم نے مہنگائی میں کمی کے حوالے سے جاری ادارہ شماریات کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح کم ہونا حکومتی اقدامات کا نتیجہ ہے ۔
وزیراعظم ہائوس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے ادارہ شماریات کی رپورٹ میں اگست 2024 کے دوران مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ماہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے، گزشتہ تین تین برس میں مہنگائی کی کم ترین شرح کا سہرا حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجیٹ پر چھوڑ کر گئے تھے، جس کے بعد اگلے چار برس میں مجرمانہ غفلت اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ معیشت بد حالی کا شکار رہی اور مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا پھر عوام کیلئے پریشانی کے دور کا آغاز ہوا۔
انہوں نے کہا کہ افراط زر میں کمی وزارت خزانہ کی اکنامک آٹ لک رپورٹ کی پیشگوئی کی عین مطابق ہے، جس میں کیا گیا تھا کہ اگست 2024 میں افراط زر کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہے گی، معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی قوم کیلئے خوشخبری سے کم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت نہ صرف معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے، خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ انکی پریشانیوں کو کم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ رب العزت کا کرم ہے کہ اپنے عہد کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں، حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  حسن نصر اللہ کے اختتام سے انصاف کا عمل پورا ہوگیا ،جوبائیڈن