اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ملتوی

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کردیاگیا۔
الیکشن کمیشن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا انعقاد تاحکم ثانی ملتوی کردیا گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات حالیہ قانون سازی کے پیش نظر ملتوی کیے گئے۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 9 اکتوبر کو کرانے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت کی 5 سالہ مدت فروری 2021 میں مکمل ہوگئی تھی اور قانون کے مطابق 3ماہ میں انتخابات ہونے تھے۔
27اگست کو اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی بل2024 قومی اسمبلی میں کثرت رائے سے منظور کیا گیا تھا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی ایکٹ 2024وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیاتھا ۔
انہوں نے کہا تھا کہ یہ بل گراس روٹ پر سروسز فراہم کرنے کے لیے لایا جا رہا ہے۔بل سے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے یونین کونسل کی سطح پر زیادہ نمائندگی دینے سے لوگوں کے کام کرنے میں آسانی ہوگی۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا تھا کہ اس بل کو جتنی جلدی منظورکرلیں اتنا ہی اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے بہتر ہے۔
بل کے تحت قومی اسمبلی نے اسلام آباد بلدیاتی ایکٹ 2024کی بھی منظوری دے دی جس کے بعد اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ایکٹ میں یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندوں کی تعداد بڑھ گئی۔

مزید پڑھیں:  شہید حسن نصراللہ کا جسد خاکی تلاش کرلیا گیا