ملک دشمنوں کو جہاں پائیں گے

ملک دشمنوں کو جہاں پائیں گے،سرکوبی کرینگے، آرمی چیف

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم دفاع اور شہداء کے حوالے سے جی ایچ کیو میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمنوں کو جہاں پائیں گے،سرکوبی کرینگے، قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونگے، عزم استحکام کسی نئے آپریشن کا نام نہیں، اس دوران کوئی بے گھر نہیں ہوگا۔
یومِ دفاع و شہداء پاکستان کی تقریب سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے وطنِ عظیم کے تمام بہادر شُہدا اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آزمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہداء کے درجات کی بُلندی کے لئے دعا گو ہوں جن کے مقدس خون نے پاک سر زمین کی مٹی کی آبیاری کی، پاکستان کی عظیم قوم کے جذبوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے شانہ بشانہ طاغوتی قوتوں اور دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ میں قربانیوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے جو دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھاکہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پاکستان کی غیور عوام باالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بہادر لوگوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔
انہوں نی کہا کہ قوم میں انتشار، بے یقینی اور مایوسی پھیلانے والے تمام عوامل کو ہم اپنی ذہنی ہم آہنگی کے ساتھ متحد ہو کر شکست دیں گے، قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔
آرمی چیف نے اتحاد اور یگانگت کی صفات اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرتی و سماجی معاملات میں اخوت، ہم آہنگی، برداشت اور بُردباری کا مظاہرہ کریں۔ قائد کے رہنما اُصول، ایمان، اتحا د اور تنظیم ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جغرافیائی اہمیت کے علاوہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے، ہمارا اصل آثاثہ عوام، بالخصوص ہماری نوجوان نسل ہے، جن کا ملکی سالمیت و ترقی میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خصوصی تقریب میں کہا کہ بھارت کے ناجائز زیرِ قبضہ جموں و کشمیر نہ صرف ملکی، بلکہ خطے اور عالمی سطح کا مسئلہ ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت و بربریت اور فلسطینیوں کا استحصال انسانیت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
آرمی چیف کے مطابق شہید ہماری پہچان ہیں، شہدا کے لواحقین ہمارا مان ہیں، پاکستانی قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ، وفاقی اور صوبائی وزراء اور تمام مہمانانِ گرامی کا مشکور ہوں جنہوں نے اس پروقار تقریب میں شرکت کر کے ہماری بہادر افواج کے افسروں، جوانوں، غازیوں اور شُہدا کے لواحقین کے حوصلے بڑھائے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک دشموں کو جہاں پائیں گے ان کی سرکوبی کرینگے۔ عزم استحکام کسی ایسے آپریشن کا نام نہیں جس میں کسی کو بے دخل کیا جا ئے۔ قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونگے، افواج پاکستان اور پاکستانی عوام اپنی سالمیت کا دفاع چاہتے ہیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ملک دشمنوں کو جہاں پائیں گے،سرکوبی کرینگے، قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونگے.

مزید پڑھیں:  وکلاء کا آئینی ترامیم کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان