قومی اسمبلی اجلاس کا وقت تبدیل

خصوصی کمیٹی کی سفارش پر قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل

1
ویب ڈیسک: خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی سفارش پر قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل کرکے سہ پہر 4بجے کر دیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس آج ساڑھے 11بجے طلب کیا گیا تھا جس کا 6 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا تھا تاہم اب قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے وقت میں تبدیلی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی سفارش پرکی گئی۔
آج ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں وقفہ سوالات کے علاوہ 2 توجہ دلا نوٹس شامل ہیں۔
کمیٹی نے صبح 10 بجے کی میٹنگ کے بعد اسپیکر سے کہا اہم امور پر فیصلوں کیلئے وقت درکار ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی کی درخواست پر آج کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کے وقت کی تبدیلی کا نوٹس جاری کردیا۔
صدرکے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے خطاب پر اظہار تشکر بھی ایجنڈے میں شامل ہے، اس کے علاوہ اراکین کی جانب سے نقطہ اعتراضات اٹھانے کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
دوسری جانب آئینی ترمیم کی قومی اسمبلی سے منظوری کے لیے جمعیت علما اسلام ف کا کردار اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
چند روز کے دوران وزیراعظم شہباز شریف دو مرتبہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر چکے ہیں جبکہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے بھی سربراہ جے یو آئی سے ملاقات کر کے آئینی ترمیم میں ساتھ دینے کی درخواست کی تھی۔
گزشتہ رات پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر جا کر ملاقات کی تھی۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے علاوہ سینیٹ کا اجلاس بھی آج شام 4بجے طلب کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ووٹ کے سامنے فارم 45کی کوئی اہمیت نہیں، چیف جسٹس