''اختیار عوام کا''کے نام سے خصوصی پورٹل

خیبرپختونخوا حکومت نے”اختیار عوام کا ” کے نام سے خصوصی پورٹل کا اجرا کر دیا

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے گڈ گورننس کی طرف ایک اور بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے”اختیار عوام کا”کے نام سے خصوصی پورٹل کا اجرا کردیا ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے عوام اختیار کا پورٹل کا با ضابطہ اجرا کر دیا پورٹل پر شہری اپنے تمام مسائل کے حل کے لیے شکایات اس پورٹل پر درج کرا سکیں گے۔
”اختیار عوام کا” پورٹل دن میں 24گھنٹے عوامی خدمت اور شکایات کے ازالے پر کام کرے گا ۔
شکایات کی ریئل ٹائم ٹریکنگ اور مانیٹرنگ بھی اسی پورٹل کے ذریعے ہوگی جبکہ سمندر پار پاکستانی بھی اپنے مسائل/ شکایات اسی پورٹل پر درج کرا سکیں گے۔
شہریوں کا فیڈ بیک، تجاویز اور آرا بھی اسی پورٹل کے ذریعے لی جائیں گی،پورٹل میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے تجزیات و رپورٹنگ بھی کی جائے گی۔
سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات، فیڈ بیک بھی اسی پورٹل کے ذریعے لیے جائیں گے۔
اختیار عوام کا ،پورٹل عوامی شکایات کے حل کے لئے ایک مربوط نظام کے علاہ حکومت اور عوام کے مابین رابطے کے ایک موثر نظام کے طور پر بھی کام کرے گا۔
س پورٹل کے ذریعے حکومتی فیصلہ سازی میں عوام کی بھر پور شرکت کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ پورٹل میں موجود آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی بنیاد پر عوامی شکایات کی نوعیت کا تعین کیا جاسکے گا اور شکایات کی نوعیت کے مطابق ان کے حل لئے ٹائم لائینز کا بھی تعین کیا جائے گا۔
عوام کی سہولت کے لئے اس پورٹل میں شکایات کے اندراج کا آسان طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
پورٹل میں شکایت کنندگان کی معلومات کی حفاظت اور رازداری کا موثر نظام دیا گیا ہے۔
پورٹل موبائل ایپ، واٹس ایپ، ای امیل اور ٹیلی فون کی صورت میں صارفین کے لئے دستیاب ہوگا جبکہ پورٹل میں تمام محکموں اور افسران کے لئے ڈیش بورڈ فراہم کیا گیا ہے۔
پورٹل کے ذریعے حکومتی ایجنڈے اور فیصلوں پر تیز رفتار عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے گا،حکومتی معاملات میں شفافیت اور سرکاری حکام کی جوابدہی یقینی ہوگی۔
حکومتی وسائل کا بہتر اور دانشمندانہ استعمال اور ادارہ جاتی اصلاحات بھی پورٹل کی خصوصیات میں شامل ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورٹل کے ذریعے حکومت پر عوامی اعتماد میں اضافے کے ساتھ ساتھ حکومت کے مثبت عوامی تاثر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا پورٹل کے اجرا کا مقصد عوام کے مسائل کا فوری حل ہے، جب تک عوام اور حکومت کے درمیان روابط نہیں ہونگے، بہتر طرز حکمرانی ممکن نہیں ، وزیر اعلی حکومت کی اصل ٹیم عوام ہیں، اس لیے ہم اختیار عوام کو دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور خدمات کی فراہمی میں حکومت کی معاونت کریں، ماضی کے تجربات کو مد نظر رکھ کر اختیار عوام کا پورٹل بنایا گیا ہے، پورٹل میں وہ کمی / خامی نہ ہو جو دیگر پورٹلز میں تھیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ شہری بالخصوص سمندر پار پاکستانی اپنے مسائل کے حل کے لیے اس پورٹل پر اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں ، جب تک شکایت گزار مطمئن نہیں ہوگا،اس کی شکایت بند نہیں کی جائے گی ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ سول انتظامیہ کو 99 نکات پر مشتمل عوامی ایجنڈا بھی دیا گیا ہے، قبائلی اضلاع ہماری ترجیح ہیں، ان اضلاع کے مسائل حل کرنے کے لیے جرگے منعقد کر رہے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ضم اضلاع میں مقامی ڈومیسائل کی بنیاد پر لوگ بھرتی ہونگے،نوکریاں انکا حق ہے، اس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں غیر قانونی مائننگ کو بند کرنے کا مقصد مقامی لوگوں کو مائننگ کے مواقع فراہم کرنا ہے، جن علاقوں میں سکیورٹی کلیئرنس ہو گئی ہے وہاں پر لوگوں کو آباد کیا جائے گا ۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سٹاک ایکسچینج میِں 81 ہزار پوائنٹس کی حد بحال