جسٹس فائز عیسیٰ اپنی ڈکٹیٹر شپ

چیف جسٹس فائز عیسیٰ اپنی ڈکٹیٹر شپ قائم کرنا چاہتے ہیں،عمران خان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈینس کے ذریعے اپنی ڈکٹیٹر شپ قائم کرنا چاہتے ہیں ۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران سابق وزیراعظم عمران نے پریکٹس پروسیجر کمیٹی پر جسٹس منصور علی شاہ کے موقف کی تائید کردی۔
عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے سے سب واضح ہو گیا، چیف الیکشن کمشنر جانبدار امپائر ہی نہیں بلکہ ان کی ٹیم کا اوپنر بلے باز ہے، قاضی عیسی دوسرا بلے باز ہے ، ان کی تمام حرکات مفادات کا ٹکرا ئوہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت چاہتی ہے کہ اسے دو تہائی اکثریت اور امپائروں کو توسیع ملے، واضح ہو گیا کہ قاضی فائز عیسیٰ لندن پلان کا حصہ تھا ، اس نے قوم کے ساتھ فراڈ کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تھرڈ امپائر ان کی پشت پر ہے اس کو بھی توسیع ملے گی، یہ ایک گروپ بنا ہوا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ نیب ترامیم کا کیس چل رہا تھا تب بھی کہا لیکن ہمیں نہیں سنا گیا، الیکشن سے پی ٹی آئی کو باہر رکھنا اور پارٹی کو اڑا دینا ان کی کوشش تھی، اب سب بے نقاب ہو چکا ہے سارے پردے ہٹ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نو مئی اور 8 فروری کی درخواستیں قاضی فائز عیسی نے نہیں سنیں، بلکہ اس نے ہماری چار نشستیں کم کر دیں، ہر حربے کے ذریعے ہماری نشستوں کو کم کیا جا رہا ہے، ہماری کوئی بھی پٹیشن نہیں سنی جا رہی سب کچھ بے نقاب ہو گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ زبردست ججز راستے میں آئے مگر ان کو ہٹا دیا گیا ، اعجاز الاحسن اور مظاہر نقوی کو قاضی فائز عیسی نے باہر کر دیا، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ خود قاضی فائز نے بنوایا اور پھر تبدیل کر دیا ۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اس قانون سازی سے اپنی ڈکٹیٹر شپ قائم کر ناچاہتے ہیں ،قانون سازی سے جمہوری طریقے سے کیس لگنے کی خلاف ورزی کی گئی، پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے حوالے سے منصور علی شاہ نے بالکل ٹھیک موقف اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر حملے کے خلاف جمعرات احتجاج کریں گے ، جمعہ کو ہمارا اپنا احتجاج ہے اور ہفتے کو راولپنڈی میں جلسہ کریں گے ، اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ماتحت عدلیہ مکمل طور پر ان کے کنٹرول میں ہے، جو جج کنٹرول نہیں ہوتا اس کو ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے، جج نو مئی کے مقدمات کا فیصلہ دینے لگا تو اس کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔
عمران خان مزید کہا کہ بدقسمتی ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کی خبریں ہیڈ لائین بنتی ہیں ، دنیا میں کہیں بھی فوجی افسر کی تعیناتی پر خبریں نہیں چھپتیں، یہ صرف ہمارے ملک میں ہوتا ہے حالانکہ انکا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہوتا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مکمل طور پر پولیس اسٹیٹ بن چکا ہے، یہ وہ مارشل لا ہے جو ضیا اور مشرف کے مارشل لا سے بھی سخت ہے، مشرف کے دور میں بڑے بڑے جلسے کئے لیکن کبھی ہمارے ساتھ ایسا نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں:  پشاور سمیت خیبر پختونخوا بھر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد