4اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج

4اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج، عمران خان کی علی امین کو ہدایات جاری

ویب ڈیسک: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو جمعہ کے روز 4اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے پارٹی رہنماﺅں کیلئے جاری بیان میں ہدایت کی گئی ہے کہ 2اکتوبر کو میانوالی، فیصل آباد اور بہاولپور میں بیک وقت احتجاج کیا جائے گا، جسے پنجاب کی قیادت لیڈ کرے گی۔
اسی طرح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 4اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج لیڈ کریں، جبکہ 5اکتوبر کو مینار پاکستان پر پی ٹی آئی احتجاج کرے گی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ کے روز راولپنڈی احتجاج کو تاریخی قرار دیتے ہوئے، علی امین گنڈاپور اور خیبر پختونخوا کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس وقت عدلیہ کو قابو کرنے کی سر توڑ کوششیں کر رہی ہیں، ہائی کورٹ کے ججز سپریم کورٹ کو خط لکھ رہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھے اور میری اہلیہ کو جیل کے اندر 5روز میں تین سزائیں دی جا چکی ہیں، لیکن ہم ہر صورت عدلیہ کا دفاع کرینگے، اور آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ اپنی بیوی کے ساتھ 15ماہ سے جیل میں ہوں، کسی میں بھی جیل جانے کا ڈر نہیں ہونا چاہئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی، مجھے جیل نہیں توڑ سکی، پنجاب حکومت کی جانب سے راولپنڈی میں عوام کو گولیاں ماری گئیں، آنسو گیس کے شیل مارے گئے لیکن عوام نے بھرپور مقابلہ کیا اس پر وہ داد و تحسین کے مستحق ہیں۔

مزید پڑھیں:  صوبائی کابینہ کے اراکین کیلئَے بہترین کارکردگی پر انعامات کا اعلان