497دہشتگردی واقعات رپورٹ

خیبرپختونخوا میں 497دہشتگردی واقعات رپورٹ، 209 دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں رواں سال 497دہشتگردی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 209 دہشتگرد ہلاک جبکہ 244 گرفتار کئے جا چکے ہیں۔
سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے 27 اضلاع میں رواں سال اب تک دہشتگردی کے 497 واقعات رونما جن میں 1154 ملزمان نامزد کئے گئے۔
محکمہ انسداد دہشتگردی خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں رواں سال 209 دہشتگرد ہلاک جبکہ 244 گرفتار کئے جا چکے ہیں جبکہ اس دوران 16 ملزمان کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔
سی ٹی ڈی رپورٹ میں اضلاع کے احوال بھی واضح کئے گئے ہیں، جن کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے 52 واقعات میں 39 دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 دہشتگرد گرفتار ہوئے۔
ضلع خیبر میں 55 واقعات رونما ہوئے، جبکہ مختلف کارروائیوں میں 22 دہشتگرد ہلاک اور 25 کو گرفتار کیا گیا۔
رواں سال شمالی وزیرستان میں 54 دہشتگردی واقعات رپورٹ ہوئے۔ اس دوران مختلف کارروائیوں کے دوران 27 دہشتگرد ہلاک جبکہ 8 سی ٹی ڈی کے ہتھے چڑھ گئے۔
ضلع ٹانک میں دہشتگردی کے 51 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، اس دوران مختلف کارروائیوں میں 28 دہشتگرد ہلاک اور 6 پابند سلاسل کئے گئے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں رواں برس دہشتگردی کے 33 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، اس دوران سی ٹی ڈی آپریشن کئے گئے جن میں 66 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 8 مارے جا چکے ہیں۔
سی ٹی ڈی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں رواں سال دہشتگردی کے 39 واقعات ہوئے، اس دوران 11 دہشتگرد ہلاک جبکہ 1 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
باجوڑ میں 39 دہشتگردی واقعات میں 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ 8 گرفتار ہوئے۔
بنوں میں سی ٹی ڈی نے مختلف کارروائی کے دوران دہشتگردی کے 40 واقعات میں 21 دہشتگرد گرفتار کئے جبکہ اس دوران 15 شرپسند مارے گئے۔
شانگلہ میں 6 دہشتگردی واقعات میں سی ٹی ڈی نے 33 دہشتگرد گرفتار کیے اور ایک ہلاک مارا گیا۔
ضلع سوات میں دہشتگردی کے 10 واقعات ہوئے، اس دوران سی ٹی ڈی نے کارروائیوں کا اغاز کیا ، جن میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 3 گرفتار ہوئے۔
بونیر میں رواں سال دہشتگردی کے 2 واقعات میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ضلع چارسدہ میں دہشتگردی کا صرف ایک واقعہ رپورٹ ہوا جس میں 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا اور اتنے ہی گرفتار ہوئے۔
دیر لوئر میں دہشتگردی کے 6 واقعات میں 2 دہشتگرد جبکہ ہنگو میں 9 واقعات میں نامزد 2 ملزمان گرفتار ہوئے۔ کرک میں دہشتگردی کے 5 واقعات میں 3 دہشتگرد گرفتار ہوئے۔
سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ کوہاٹ میں دہشتگردی کے 5 واقعات ہوئے، مختلف کارروائیوں کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک کئے گئے۔
کرم میں دہشتگردی کے 17 واقعات رونما ہوئے، مختلف کارروائیوں کے دوران 6 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا اور ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔
ضلع لکی مروت میں دہشتگردی کے 37 واقعات رپورٹ ہوئے، ان واقعات کے باعث مختلف کارروائیوں کے دوران 14 دہشتگرد سی ٹی ڈی کے ہاتھوں ہلاک جبکہ 8 دہشتگرد گرفتار ہوئے۔
مالاکنڈ میں دہشتگردی کے 4 واقعات میں 25 دہشتگرد گرفتار ہوئے۔ مانسہرہ میں 4 دہشتگردوں کو قابو کیا گیا۔
مردان میں 9 ٹیرر واقعات میں 11 دہشتگرد ہلاک، 9 گرفتار ہوئے۔ ضلع مہمند میں رواں سال دہشتگردی کے 8 واقعات رپورٹ ہوئے، مہمند میں 6 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کیا گیا۔
نوشہرہ میں دہشتگردی کے 7 واقعات رونما ہوئے، سی ٹی ڈی نے کارروائیاں کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو گرفتار جبکہ ان کارروائیوں میں 2 مارے گئے۔ ضلع صوابی میں دہشتگردی کا 1 واقعہ رونما ہوا جس میں 1 شدت پسند جاں سے گیا۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں رواں سال 497دہشتگردی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 209 دہشتگرد ہلاک جبکہ 244 گرفتار کئے جا چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم پر سیاسی جماعتوں کے خدشات دور ہونے چاہئیں،آفتاب شیرپاؤ