چرس فیکٹری ملزم کو عمر قید

چرس فیکٹری چلانے اور سمگلنگ کے ملزم کو عمر قید،ٹرک ڈرائیور بری

سپریم کورٹ آف پاکستان نے 9760کلوگرام چرس فیکٹری سے برآمدگی اور سمگل کرنے کے مقدمے سے بری ہونے والے ملزم کی بریت کا فیصلہ برقرار رکھا جبکہ دوسرے ملزم کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے عمر قید کی سزا دے دی، تین رکنی بنچ نے کیس پر سماعت شروع کی تو ملزم موری گل کی جانب سے الطاف خان ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ دو ملزمان پر الزام ہے کہ ان سے اے این ایف نے 9760کلوگرام چرس برآمد کی تھی جو ایک فیکٹری میں چھپائی گئی تھی جس میں کچھ مقدار میں چرس ٹرک کے ذریعے سمگل کیا جارہا تھا۔ موری گل پر الزام تھا کہ اے این ایف نے اسے ٹرک کے ذریعے 2160گرام چرس سمگل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا تھا جبکہ رانا نذیر شفقت کی نشاندہی پر فیکٹری سے 7500کلوگرام برآمد ہوئی تھی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اس کیس کے دیگر ملزمان کو ماتحت عدالت نے سزائے موت سنادی تھی جو ہائیکورٹ نے عمر قید میں تبدیل کردی تھی جبکہ موری گل ٹرک ڈرائیوراور رانا نذیر کو بری کردیا تھا۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر موری گل کی بریت کا فیصلہ درست قراردیا جبکہ رانانذیر کی بریت کا فیصلہ کالعدم قراردیتے ہوئے انہیں عمرقید کی سزا سنادی.

مزید پڑھیں:  پاکستانی فائٹر شاہ زیب رند نے ورلڈ کراٹے کمبیٹ چمپئن شپ جیت لی