پولیو مہم سکیورٹی اہلکاروں کی خدمات

انسداد پولیو مہم کیلئے43 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی خدمات لینے کا فیصلہ

خیبرپختونخواکے 29 اضلاع میں آئندہ پیر کے روز سے انسداد پولیو مہم شروع کرنے کی منصوبہ بندی کے تحت پانچ سال سے کم عمر کے 62 لاکھ سے زائد بچوں تک رسائی کا ہدف مقرر کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے 43ہزار سے زائد اہلکار بھی پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر تعینات رہیں گے۔ اس حوالہ سے ایمرجنسی آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری تفصیل کے مطابق صوبہ میں گذشتہ ایک سال سے زائد عرصہ کے دوران پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے اس تناظر میں پولیو وائرس کیخلاف بھر پور اقدامات کے طور پر پیر کے روز یعنی 28فروری سے انسداد پولیو مہم کیلئے 29 اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں مجموعی طورپر پانچ سال سے کم عمر کے 62لاکھ24ہزار792 بچوں کوپولیو سے بچا کے قطرے پلانے کا ہدف ہوگا۔اس مہم میں 30 ہزار 822 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں27ہزار610 موبائل ٹیمیں،1ہزار909 فکسڈ ٹیمیں،1ہزار155 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 148 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں ۔ بعض حساس اضلاع میں پولیس اور سکیورٹی اداروں کے 43ہزار سے زائد اہلکار بھی پولیو ورکرز کے ساتھ ڈیوٹی پر تعینات کئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  ہسپتالوں نے ادویات خریداری کےلئے مستقل بجٹ مانگ لیا