سرحد یونیورسٹی گولڈ میڈل ڈگریاں تقسیم

سرحد یونیورسٹی میں 180 سٹوڈنٹس میں گولڈ میڈل،838 میں ڈگریاں تقسیم

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سرحد یونیورسٹی پشاور کے چودہویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے طلباء پر فنی تعلیم کے حصول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے ہم اقوام عالم کی صفوں میں باعزت مقام حاصل کر سکتے ہیں ۔ وہ جناح کنونشن سنٹراسلام آباد میں منعقدہ سرحد یونیورسٹی کے 14ویں کانووکیشن میں مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں صوبائی وزیر برائے ا علیٰ تعلیم کامران خان بنگش،سرحد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم الرحمن،فیکلٹیز،اور تدریسی شعبوں کے سربراہان، ماہرین تعلیم ،طلباء اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اعلی ٰ تعلیم کا حصول اور انسانی اقدار کی پاسداری ہی طلباء کو عمائدین کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں۔انہوں نے یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیمی معیار کو سراہا اور صوبہ وملک کے دیگر طلباء کو اعلی تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر پاکستان نے سرحد یونیورسٹی کے فاصلاتی نظام تعلیم کو سراہا جو صوبے اور ملک کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو انکی دہلیز پر تعلیمی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا پراسیکوشن آفسیرز کا پشاور سمیت صوبہ بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

قبل ازیں ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ نجی شعبہ سرکاری اداروں کے شانہ بشانہ اپنا اہم کردار ادا کررہا ہے۔ جس کے باعث طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابیاں مل رہی ہیں۔انہوں نے کہا موجودہ حکومت پرائمری سطح سے اعلیٰ تعلیمی سطح تک تمام شعبہ ہائے زندگی کے تعلیمی معیار کو بڑھانے میں کوشاں ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور سمیت پانچ مخصوص اضلاع میں ڈینگی بچاؤسپرے کا آغاز

یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرحد یونیورسٹی نے قلیل عرصے میں ترقی کی متعدد منزلیں طے کرلی ہیں اور اس عرصے میں چھ فیکلٹیز،چار انسٹیٹیوٹ اور پندرہ شعبوں کا قیام یقیناً ایک قابل تحسین عمل ہے۔ کامران بنگش نے 180طلباء میں گولڈ میڈل اور 838طلباء میں ڈگریاں تقسیم کیں۔جن میں 8پی ایچ ڈی، 25ایم فل،312ماسٹرز،300بیچلر اور 13ایسوسی ایٹ ڈگریاں شامل ہیں۔