طالبان افغانستان جانے کا سلسلہ

مسلح طالبان کے سوات سے واپس افغانستان جانے کا سلسلہ شروع

سوات (فیاض ظفر) سوات میں عوام کی جانب سے شدید احتجاج کے بعد مسلح طالبان نے سوات سے واپس افغانستان جانے کا سلسلہ شروع کردیا ۔ تحصیل مٹہ کے بالائی علاقوں میں موجود لوگوں کے مطابق دو ماہ قبل آنے والے طالبان نے دیر کے راستے واپسی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
کئی پہاڑی علاقے خالی کر دیئے ہیں۔ باقی موجود طالبان سامان جمع کرکے سوات سے جانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس سے دو ماہ قبل سوات میں طالبان کے آنے کی خبروں کی گردش کے بعد اس وقت جب طالبان نے پولیس کے ایک ڈی ایس پی اور دو فوجی افسران کو یر غمال بنایا اور اس کی ویڈیو جاری کرکے اپنی موجودگی ظاہر کی، تو اس کے بعد سوات کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا آغاز کردیا گیا۔ جب امن کمیٹی کے سابق سربراہ ادریس خان کی گاڑی پر بم دھماکہ کیا گیا،جس میں ان سمیت نو افراد جاں بحق ہوئے تھے، اس کے بعد احتجاج کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا۔
پھر مینگورہ بائی پاس پر جعلی مقابلے میں باپ بیٹے کے قتل اور اگلے دن گلی باغ میں سکول وین پر حملہ کیا گیا، تو منگل کو نشاط چوک مینگورہ میں انسانی سمندر نے نکل کر شدید ترین احتجاج کیا۔ اس کے بعد طالبان نے سوات سے افغانستان واپسی کا سلسلہ شروع کردیا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری دے دی