صوبوں کے انتظامی اختیارات

وفاق نے صوبوں کے انتظامی اختیارات اپنے ہاتھ میں لے لئے

ویب ڈیسک :پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں صوبوں کی جانب سے اسلام آبادپرچڑھائی کی منصوبہ بندی پر وفاقی حکومت نے تمام صوبوں کو آئین کے آرٹیکل149کے سیکشن چارکے تحت فیڈریشن کی ایگزیکٹو اتھارٹی کے تحت کردیا ہے۔
اس سلسلے میں وزارتداخلہ کی جانب سے تمام چیف سیکرٹریز اور تمام انسپکٹر زجنرل آف پولیس کو بھیجے گئے مراسلہ کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے 28اکتوبر یعنی آج جمعہ کے روز لاہور سے اسلام آباد کیلئے لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔ آئینی اور قانونی اعتبار سے تمام وفاقی، صوبائی اور خصوصی علاقہ جات کی حکومتیں آئین پاکستان کی پاسداری کی پابند ہیں اور لانگ مارچ سمیت کسی بھی زبردستی کے اقدام کے ساتھ کوئی بھی سیاسی جماعت ریاست کو عدم استحکام کی طرف نہیں دھکیل سکتی ہے ۔
آئین پاکستان کے آرٹیکل48کے سیکشن1کے تحت تمام ادارے اور صوبائی حکومتیں وفاقی قوانین کی پاسداری اور اس پر عملدر آمد کرتے ہوئے متحد رہیں گی آئین کے آرٹیکل149کی شق چار کے تحت کسی بھی امن مخالف اور معاشی طور پر پاکستان کے لئے خطرات لانے والے حالات کے پیش نظر وفاق صوبوں کو ہدایات جاری کرسکتا ہے تاکہ صوبے اور وفاق مل کر اس کی روک تھام کرسکے۔ مراسلہ کے مطابق تمام سرکاری ملازمین پابند ہیں کہ وہ ریاست کے ملازم کے طور پر کام کریں اور ان کے تمام اقدامات آئین پاکستان کی روکے مطابق صوبوں اور وفاق کے درمیان ہموار تعلقات قائم رکھیں ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق احتجاج کیلئے ایک طریقہ کار وضع کیا گیا ہے تاہم یہ بھی واضح ہے کہ کوئی بھی سرکاری ملازم اس احتجاج کا حصہ نہیں ہوگا۔ آئین پاکستان اور مملکت خداداد کے قوانین سے روگردانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  پشاور پولیس لائنز بم دھماکے میں ملوث پولیس ہیڈ کانسٹیبل گرفتار