ایران:بغیرحجاب سڑکوں پرآنے والی خواتین پرمقدمہ ہوگا

ویب ڈیسک:ایران کی عدالت کے چیف جسٹس نے خبردار کیا ہے کہ حجاب کے بغیر سڑکوں پر آنے والی خواتین کے خلا ف بغیر کسی رحم کے مقدمہ چلایا جائے گا۔غیر ملکی نشریاتی ادارے عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایران میں لازمی قرار دیے گئے لباس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے خبردار کیا کہ حجاب کے بغیر عوام میں آنے والی خواتین کے خلاف بغیر کسی رحم کے مقدمہ چلائیں گے۔
ایران کے چیف جسٹس غلام حسین محسنی ایجی کا انتباہ جمعرات (28 مارچ)کو وزارت داخلہ کے بیان کے بعد سامنے آیاہے جس میں حکومت کی طرف سے لازمی قرار دیے گئے حجاب کے قانون کو تقویت ملی ہے۔عدلیہ کے سربراہ نے کہا کہ حجاب اتارنا ہمارے اقدار کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے، جو لوگ اس طرح کی غیر اخلاقی حرکتیں کرتے ہیں انہیں سزا دی جائے گی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے افسران واضح جرائم اور کسی بھی قسم کی غیر معمولی بات جو مذہبی قانون کے خلاف ہو اور عوامی سطح پر ظاہر ہو اسے عدالتی حکام کے حوالے کرنے کے پابند ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستانی فائٹر شاہ زیب رند نے ورلڈ کراٹے کمبیٹ چمپئن شپ جیت لی