ہوائی فائرنگ کرنے والوں کوعیدپرجیل میں رکھنے کی سفارش

ویب ڈیسک: سی سی پی او پشاور نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے چاند رات پر ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کو ضمانتیں نہ دینے اور انہیں عید کے دوران جیل میں قید رکھنے کی استدعا کردی ہے۔ گزشتہ روز چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس مسرت ہلالی سے سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان نے ملاقات کی جس میں چیف جسٹس کو چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے عوامی شعور اور اس کی روک تھام کے لئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سی سی پی اونے چیف جسٹس کو آگاہ کیا کہ چاند رات پر ضلع بھر میں خصوصی سکیورٹی پلان کے تحت پولیس نفری تعینات کی جائیگی۔ تمام ڈویژنز میں ایس پیز کی نگرانی میں افسروں کے ساتھ ساتھ ابابیل سکواڈ، سٹی پٹرولنگ و دیگر اضافی نفری بھی موجود ہو گی۔ اس طرح سپیشل موبائل پٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ چیف جسٹس سے گزارش کی گئی کہ عدلیہ ہوائی فائرنگ کے گھنائونے جرم میں ملوث افراد کو کسی طور رعایت نہ دے تاکہ وہ گرفتاری کے بعد عید جیل میں گزار سکیں ۔
چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ سی سی پی او کے مطابق اسلامی نکتہ نظر سے بھی ہوائی فائرنگ ایک قبیح فعل ہے اور چند لمحوں کی خوشی سے کسی کا ہنستا بستا گھر اجڑ سکتا ہے اور یہ انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بھی بن سکتا ہے ۔

مزید پڑھیں:  صوابی میں جائیداد تنازعہ پر بھتیجے کے ہاتھوں 2 چچا قتل، ایک زخمی