گودام میں خوفناک آتشزدگی

رنگ روڈ پر گودام میں خوفناک آتشزدگی، کروڑوں کا نقصان

ویب ڈیسک: پشاور رنگ روڈ پر مویشی منڈی کے سامنے گڈز گودام میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں وہاں موجود کروڑوں روپے کا کپڑا، کاٹن اور دیگر سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ جبکہ ایک گاڑی بھی جل گئی تاہم دیگر قریبی گوداموں کوبچالیا گیا۔ آتشزدگی کے باعث رات گئے آگ کے خطرناک شعلے بھڑکنے لگے تھے جبکہ امدادی ٹیموں نے 6 گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ رنگ روڈ نزد مویشی منڈی میں گڈز کے گودام میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جہاں کنٹینرز بھی موجود تھے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے اہلکار پہنچ گئے تھے اور انہوں نے 11 فائر ویکلز اور 41 فائر فائٹرز کی مدد سے گڈز گودام میں آگ بجھانے کا عمل شروع کیا، جبکہ بعد میں مزید گاڑیاں بھی پہنچائی گئیں اور صبح تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں گودام میں پڑا سامان جن میں پلاسٹک، کپڑا، کاٹن اور دیگر سامان موجود تھا، جل کر خاکستر ہوگیا۔ ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ آگ سے گودام میں موجود کنٹینر کوجزوی نقصان پہنچا تاہم اس میں بھی موجود سامان کو نقصان پہنچا۔
امدادی کارروائیوں کے ذریعے قریب کھڑے دیگر گوداموں اور کنٹینرز کو بچا لیا گیا ہے۔ آتشزدگی سے ہونے والا نقصان کروڑوں روپے میں بتایا جاتا ہے تاہم اس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستوں بارے سپریم کورٹ فیصلہ غیر موثر قرار، الیکشن کمیشن متحرک