ایلون مسک کی دولت

ایلون مسک کی دولت میں 6 ماہ میں 106 ارب ڈالر اضافہ

اویب ڈیسک: ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک کی دولت میں 6 ماہ کے دوران 100 ارب ڈالرز سے زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ ایلون مسک نے 2023 کا آغاز 137 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص کے طور پر کیا تھا۔ یہ سال ٹیسلا کے مالک کے لئے اب تک بہت اچھا ثابت ہوا ہے کہ 6 ماہ کے دوران ان کی دولت میں 100 ارب ڈالرز سے زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ بلومبرگ بیلینئر انڈیکس کے مطابق 20 جون کو ایلون مسک کے اثاثوں میں 9.95 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا اور وہ 243 ارب ڈالرز تک پہنچ گئے۔
اس طرح ان کی دولت میں 2023 کے اولین 6 ماہ کے دوران اب تک 106 ارب ڈالرز کا اضافہ ہو چکا ہے اور وہ فرانس سے تعلق رکھنے والے برنارڈ آرنلٹ کو پیچھے چھوڑ کر ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ ایلون مسک کی دولت میں اضافے کی بنیادی وجہ ان کی کمپنی ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہے۔ 2022 کے دوران ٹیسلا کے حصص کی مالیت میں 65 فیصد کمی آئی تھی، مگر رواں سال اب تک اس کمپنی کے حصص میں 123 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں:  تخت بھائی :پولیس کانسٹیبل ٹریفک حادثے میں جاں بحق