پشاور میں فائرنگ واقعات

پشاور میں فائرنگ واقعات، 3 افراد قتل، خاتون سمیت 4 زخمی

ویب ڈیسک: پشاور کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات اور فائرنگ کے دوران 3 افراد قتل کر دیئے گئے جبکہ خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ مدعی عزیز الرحمن ولد حبیب الرحمن ساکن پنج کٹھہ نے یکہ توت پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز اس کا بیٹا 30 سالہ سیف الرحمن کسی کام کے سلسلہ میں خاموش کالونی گیا تھا جہاں زبانی تکرار پر ملزم اویس ولد تاج میر نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ سرپر گولی لگنے سے موقع پر جان کی بازی ہار گیا۔
اسی طرح تھانہ دائود زئی کے علاقے نحقی میں نامعلوم افراد نے جوان سال لڑکے کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ واقعہ سے متعلق شہزاد سعید ولد سعید خان نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بھائی جواد خان کام پر گیا ہوا تھا تاہم کچھ دیر بعد اطلاع موصول ہوئی کہ اس کی نعش نحقی میں کھیتوں میں پڑی ہے۔ ادھر سلیم ولد اکرم ساکن باچا ڈاگ شاہین مسلم ٹائون نے زخمی حالت میں پھندو پولیس کو بتایا کہ اس کے بھائی اکبر کی ملزم سجاد کے ساتھ موبائل فون پر کسی بات پر تکرار ہوگئی جس پر وہ گلہ کرنے سجاد کے گھر گئے تو وہاں سجاد اور اس کے بھائی اسد ولد الف خان نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے اس کا بھائی اکبر خان، بھتیجا عبدالصمد اور شہزاد پسران اکبر، راہ گیر خاتون مسماة زاہدہ بی بی زوجہ انور اور وہ خود لگ کر زخمی ہو گئے۔ مقامی افراد نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جہاں بعد ازاں اکبر خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہوگئے۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزید پڑھیں:  بنوں میں حساس ادارے کے سب انسپکٹر کو قتل کردیا گیا