وفاق سے حقوق کے حصول میں وکلاء برادری ہمارا ساتھ دے، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ اسماعیل خان بنچ کی تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ڈی آئی خان کی نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔
تقریب میں وزیراعلیٰ کو ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ڈی آئی خان کی اعزازی ممبرشپ بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ڈی آئی خان کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب کابینہ وکلاء برادری کی فلاح و بہبود اور قانون کی بالادستی کے لئے کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی میں وکلاء برادری کا اہم کردار ہے۔ رول آف لاء اور فوری انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہیں۔ اس مقصد کے لئے عدالتی نظام کو مضبوط بنائیں گے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مختلف عدالتوں کے ججز کی تعداد میں 100 مزید ججز کا اضافہ کررہے ہیں تاکہ زیر التواء کیسز جلد نمٹائے جاسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا صوبہ غریب نہیں بلکہ وسائل سے مالامال ہے۔ صوبے کی ترقی کے لئے ان وسائل کے موثر اور بہتر استعمال پر موجودہ صوبائی حکومت کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ صوبہ سستی بجلی اور گیس پیدا کر کے مہنگی خریدنے پر مجبور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا صوبہ سب سے زیادہ بجلی پیدا کررہا ہے لیکن پھر بھی یہاں بدترین لوڈشیڈنگ ہے۔
وزیر اعلی نے مزید بتایا کہ بجلی کی مد میں ہمارے واجبات بھی نہیں مل رہے۔ ہم وفاق سے صوبے کے حقوق حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ اس جدوجہد میں ، وکلاء برادری بھی ہمارا بھرپور ساتھ دے کیونکہ صوبے کے حقوق کا حصول ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے عوام بہت جلد تبدیلی محسوس کریں گے۔ نظام کو ٹھیک کرنے کے عمل میں وکلاء سمیت عوام میرا بھر پور ساتھ دیں۔
حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
آخر میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے سخت وقت میں پارٹی کا بھرپور ساتھ دینے پر انصاف لائرز فورم کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کے گرفتار اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری