نشیبی علاقے زیرآب آ گئے

ملک بھر میں بارشوں سے موسم خوشگوار، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے

ویب ڈیسک: ملک بھر میں بارشوں سے موسم خوشگوار، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، پی ڈی ایم اے الرٹ جاری۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں حالیہ مون سون بارشوں سے گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا، تاہم بعض علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس سے کئی نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ لاہور، کراچی اور جڑواں شہروں سمیت خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور دیگر اضلاع میں بارش نے تباہی مچا دی۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں جس سے کئِی قیمتی جانیں ضائع جبکہ متعدد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
جڑاوں شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے جبکہ واسا کی جانب سے بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ نالہ لئی میں مسلسل بارش کے باعث طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
گزشتہ رات پشاور میں طوفانی بارش سے شہر بھر کے بعض مقامات پر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، جن کی صفائی کا کام جاری ہے۔ صوابی، مانسہرہ اور دیگر اضلاع میں بھی بارش سے ندی نالے ابل پرے ہیں۔
لاہور میں بھی بادل جم کر برس پڑے، صوبہ پنجاب کے دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار اور حبس بھی ختم ہو گیا۔ اس کے ساتھ ہی لاہور کی سڑکیں بھِی جھیل بن گئیں، اس صورتحال میں ٹریفک کا سارا ن ظام درہم برہم ہو گیا۔
بلوچستان میں بارشوں سے ندی نالے ابل پڑے اور طغیانی سے آس پاس کے کئی علاقے زیرآب آ گئے۔ جھل مگسی کے علاقے ٹیپری میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیلابی ریلوں کی آمد کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے سندھ سے ملحقہ اضلاع کو وارننگ جاری کر دی ہے اور ساتھ ہی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایات کی گئی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں آئندہ چند روز تک سیلابی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے، تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  جسٹس منیب اختر کا رجسٹرار کولکھا گیا خط منظر عام پر آگیا