گڈ گورننس کمیٹی خیبر پختونخوا

گڈ گورننس کمیٹی خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ کوبھی طلب کرنے کا عندیہ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے قائم گڈ گورننس کمیٹی نے شکایت ملنے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو بھی طلب کرنے کا عندیہ دے دیا ہے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گڈ گورننس کمیٹی کے رکن قاضی انور ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ شکایت ملنے پر کمیٹی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو بھی طلب کر سکتی ہے ۔
قاضی انور ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ سی اینڈ ڈبلیو کے وزیر شکیل احمد طلب کرنے پر پیش نہیں ہوئے جس پر صوبائی وزیر شکیل احمد نے کہا کہ فیملی کے ساتھ باہر جانے کے باعث پیش نہ ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر شکیل احمد سے پیش نہ ہونے پر حلف لیا جائے گا، تحریری جواب بھی جمع کرائیں گے۔
قاضی انور ایڈوکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں جس محکمے سے متعلق شکایات زیادہ ہیں پہلے اس کے وزیر کو بلا رہے ہیں، ہمارے پاس مختلف محکموں کے خلاف بہت ساری شکایات آئی ہیں، محکمہ صحت اور محکمہ خوراک کے وزرا کو بھی بلائیں گے۔
رکن گڈ گورننس کمیٹی نے مزید کہا کہ عام شہری بھی کسی محکمہ میں کرپشن یا اختیارات کے ناجائز استعمال کی نشاندہی کر سکتے ہیں، تفصیلی رپورٹ تیار کر کے بانی پی ٹی آئی کو جمع کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی کوئی گنجائش نہیں ہے، شکایت موصول ہونے پر وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کو بھی طلب کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  لاپتہ 4بھائیوں کا کیس،عدالت کاایس ایچ اوکوقرآن پرحلف اٹھانےکاحکم