افواج پاکستان نے ملکی دفاع

افواج پاکستان نے ملکی دفاع کی قسم کھا رکھی ہے، آرمی چیف

ویب ڈیسک: 77ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس دوران آرمی چیف مہمان خصوصی تھے، اس دوران کیڈٹس نے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ افواج پاکستان نے ملکی دفاع کی قسم کھا رکھی ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ یوم آزادی کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتاہوں، ہمارے قومی شعور کی بنیاد نظریہ پاکستان ہے جو دو قومی نظریہ پر مبنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو قومی نظریے نے برِصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت دی۔ یہ ملک نہ صرف قائم رہنے بلکہ دنیائے عالم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کیلئے معرضِ وجود میں آیا ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ اِسی مناسبت سے قائداعظم کے تاریخی الفاظ انتہائی اہم ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ آئیے اب ہم سب مل کر اپنی قوم کو بنائیں اور اس کی تعمیر نو کریں۔
تقریب سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قائدین اور کارکنان کے ساتھ ساتھ شہدا، غازیوں اور لواحقین کو بھی خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں، آج ان آزاد فضاؤں میں زندگی بسر کرنا شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہی مرہونِ منت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخی طور پر ہم من حیثُ القوم ہمیشہ ہر مشکل کے بعد اور بھی زیادہ مضبوط بن کر ابھرے، اس میں قوم اور افواج کا باہمی اعتماد کلیدی ہے۔ افواج پاکستان نے ملکی دفاع کی قسم کھا رکھی ہے۔
آرمی چیف کا کہناتھاکہ افواج پاکستان نے ملک کے اندرونی اور بیرونی دفاع کی قسم کھا رکھی ہے، پاکستان کا مقام خطے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اللہ تبارک و تعالیٰ بے ہمِں پناہ قُدرتی وسائل، جفاکش عوام اور حوصلہ مند نوجوانوں کی بدولت سے مالامال بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور لازوال قربانیاں دیں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ ہمارے پختون بھائیوں نے جرات، ایثار اور قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی ہے، اِس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں‌کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں تحریک طالبان پاکستان نے دوبارہ سر اٹھایا ہے، اس لئے افغانستان فتنہ الخوارج کے خاتمے میں پاکستان کا ساتھ دے.
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کا دیرینہ دوست ہے، کابل خوارج کو اپنے دوست ملک پر ترجیح نہ دے۔77 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے جس کے لیے پاکستان اور اس کے عوام نے ان گنت قربانیاں دی ہیں جس کی دور حاضر میں نذیر نہیں ملتی.
ان کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات رکھنے کے خواہاں ہیں اور ان کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ فتنہ الخوارج کو اپنے دیرینہ اور خیر خواہ ہمسایہ ملک پر ترجیح نہ دیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور: خیبر پختونخو ا اسمبلی میں ڈی جی پی ڈی اے کے خلاف تحریک استحقاق جمع